مستحق عازمین کو فریضہ حج ادا کرنے کے موقع کی فراہمی کو ترجیح ، سبسیڈی سے دستبرداری کیلئے متمول افراد سے محسن رضا کی خواہش
لکھنؤ ۔ /26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت اترپردیش رواں سال عازمین حج کے انتخاب میں ’ عظیم تر شفافیت‘ کو یقینی بنانے کیلئے حج درخواستوں کے عمل کو درخواست گذاروں کے آدھار نمبر سے مربوط کرنے کی تیاری میں مصروف ہے ۔ عہدیداروں کو یقین ہے کہ اس طریقہ کار سے ایک سے زائد مرتبہ حج کرنے والے درخواست گذاروں کی شناخت اور نشاندہی میں بھی مدد ملے گی ۔ حکومت اترپردیش میں مملکتی وزیر اقلیتی امور محسن رضا نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’ہم حج درخواستوں کو درخواست گذار کے آدھار نمبر سے مربوط کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں تاکہ اس بات کا پتہ چلایا جاسکے کہ آیا درخواست گذار نے اس سے پہلے بھی کبھی حج کیا ہے ۔ اس طریقہ کار سے عازمین حج کے انتخاب کے عمل میں عظیم تر شفافیت پیدا ہوگی ‘‘ ۔ حکومت کو مستحق درخواست گذاروں کی شناخت کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔ اس سوال پر کہ آیا حج درخواستوں کے ادخال کے موقع پر انکم ٹیکس ادائیگی کی تفصیلات کو بھی مربوط کیا جائے گا ، محسن رضا نے جواب دیا کہ ایسی کوئی تجویز زیرغور نہیں ہے ۔ مملکتی وزیر اقلیتی امورنے کہا کہ ’’ریاستی حکومت ’سب کا ساتھ سب کا وکاس ‘ نظریہ کو یقینی بنائے گی ۔ رضا نے گزشتہ روز دولتمند مسلمانوں سے اپیل کی تھی کہ وہ حج سبسیڈی سے دستبردار ہوجائیں تاکہ غریب اور مستحق عازمین کو حج ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جاسکے ۔ رضا نے کہا کہ ’’متمول اور اہل ثروت افراد کو نہیں بلکہ غریبوں کو حج سبسیڈی ملنا چاہئیے ۔ میں دولتمند مسلمانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ حج سبسیڈی سے دستبردار ہوجائیں اور غریب و مستحق عازمین کو موقع فراہم کریں ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی کا حج کوٹہ 8000 کے اضافہ کے ساتھ 29000 تک پہنچ گیا ہے ۔ حکومت یو پی ان مستحق عازمین کے فریضہ حج کو یقینی بنائے گی جن کے پاس اس مقدس سفر کے لئے درکار مال و اسباب دستیاب نہیں ہیں ۔ محسن رضا نے کہا کہ اس منصوبہ کا مقصد عازمین کا کسی جانبداری اور اقرباء پروری کے بغیر منصفانہ انتخاب کیا جائے ۔