۔20سالہ شاہ رخ ہلاک ‘ دونوں فریقین کی جانب سے شکایات درج
بریلی (یو پی ) ۔30اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک 20سالہ نوجوان جو دبئی میں مقیم تھا جہاں وہ ایک درزی کی حیثیت سے کام کرتا تھا ‘ یو پی کے دیہات ضلع بریلی میں بھینسیں چرانے کے الزام میں زدوکوب کر کے ہلاک کردیا گیا ۔ پولیس نے آج کہاکہ 20سالہ شاہ رخ کو کل رات بھولا پور ہڈوتیا دیہات میں زدوکوب کرتے ہوئے ہلاک کردیا گیا ۔ یہ علاقہ کنٹونمنٹ پولیس اسٹیشن کے دائرہ کار میں شامل ہے ۔ چار افراد گرفتار کرلئے گئے ہیں ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس ( سٹی) ابھینندن سنگھ نے کہا کہ شاہ رخ اور دیگر تین افراد کل رات باہر گئے تھے جبکہ مقامی عوام کے ایک گروپ نے انہیں پکڑ لیا ‘ کیونکہ ان کو شبہ تھا کہ وہ ایک بھینس کے سرقہ میں ملوث ہیں ۔ ہجوم نے شاہ رخ کو زدوکوب کیا جب کہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ پولیس کے بموجب شاہ رخ کو نازک حالت میں دواخانہ میں شریک کردیا گیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ شاہ رخ دبئی میں درزی کا کام کرتا تھا اور حال ہی میں اپنے مکان آیا تھا ۔ پوسٹ مارٹم کے بموجب شدید زدوکوب موت کی وجہ ہے ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس نے کہا کہ دونوں فریقین نے ایف آئی آر درج کروائے ہیں ۔ شاہ رخ کے بھائی نے اپنی شکایت میں 20 تا 25نامعلوم افراد کے زدوکوب میںملوث ہونے کا الزام عائدکیا ہے ۔ دوسرے فریق نے الزام عائد کیا کہ بھینسوںکے سرقہ کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔