لکھنؤ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے مختلف مقامات پر بارش کی تباہ کاریوں میں کم از کم 11 افراد بشمول 3 بچے ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ ضلع پیلی بھیت میں بجلی گرنے سے سوتو پھاٹک (24 سال) ، جئے رام (46 سال) اور نیرج (18 سال) ہلاک ہوگئے۔ الہ آباد کے مضافات میں ایک عبادت گاہ کی دیوار منہدم ہوجانے سے 5 مزدور زندہ دفن ہوگئے جہاں پر یہ لوگ محو خواب تھے۔ سہارنپور کے علاقہ متکامو میں زوردار بارش کی وجہ سے ایک مکان کے انہدام سے رومانہ (17 سال) ، فرحان (14 سال) اور رحمن (11 سال) ہلاک ہوگئے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سب سے زیادہ بارش کھیری میں 23 ، بہرائچ میں 20 ، مئو اور گونڈا میں 13 سنٹی میٹر ریکارڈ ہوئی۔
٭ اترکھنڈ کے پتورہ گڑھ میں گزشتہ روز سیلابی بارشوں کے نتیجے میں متعدد اموات کے بعد آج متاثرہ علاقوں سے مزید تین نعشیں برآمد ہوئیں جس کے ساتھ مہلوکین کی تعداد 15 ہوگئی۔