یو پی اے نے 11 سرجیکل حملے کئے: کے سی آر

حیدرآباد 29 مارچ ( پی ٹی آئی ) سرجیکل حملوں کے مسئلہ پر وزیر اعظم کے بیانات کا جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راو نے کہا کہ اس طرح کے اہمیت کے حامل حملوں کی کبھی تشہیر نہیں کی گئی تھی حالانکہ یو پی اے کی پہلی معیاد کے دوران جب وہ مرکزی وزیر تھے 11 بار اس طرح کے حملے کئے گئے تھے ۔ نلگنڈہ میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ مودی ووٹوں اور سیاسی فائدہ کی خاطر ٹی آر ایس کے تعلق سے غلط باتیں پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے مودی کے چوکیدار کے نعرہ کا بھی مضحکہ اڑایا اور کہا کہ چائے والا چلا گیا اور اب چوکیدار آگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرجیکل حملے یو پی اے کے دور اول میں گیارہ مرتبہ کئے گئے جب وہ مرکزی وزیر تھے ۔ یہ اہمیت کے حامل حملے ہوتے ہیں اور کبھی ان کا انکشاف نہیں کیا جاتا ۔ وہ بھی کرتے ہیں۔ ہم بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کہتے ہیں کہ ان حملوں میں 300 دہشت گرد مارے گئے جبکہ اظہر مسعود کہتے ہیں کہ ایک بھی ہلاک نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گذشتہ پانچ سال میں ملک کے ساتھ کیا اچھا ہوا ہے ؟ ۔ صرف ایک بات ہوئی ہے کہ چائے والا چلا گیا ہے اور چوکیدار آگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اب اپنے مسائل کی یکسوئی کیلئے نیا راستہ تلاش کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہ نا اہل لوگ ملک کو اس کے مسائل سے چھٹکارہ نہیں دلا سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم رہتے ہوئے جھوٹ بولنا کیا اچھی بات ہے ؟۔