یوگانڈا میں شدید بارش 34 افراد ہلاک

کمپالا ۔ 12 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مشرقی یوگانڈا کے ایک کوہستانی علاقہ میں شدید بارش کی وجہ سے پیدا ہونے والے کئی ٹن کیچڑ کے بہاؤ میں 34 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ علاقہ اس نوعیت کے حادثات کیلئے جانا جاتا ہے۔ ریڈکراس کی خاتون ترجمان ارنے نکاسٹیا نے یہ بات بتائی اور کہا کہ بچاؤ ٹیموں کی رسائی اب تک تمام متاثرہ علاقوں تک نہیں ہوئی ہے اور جیسے ہی ان کی رسائی تمام متاثرہ علاقوں تک ہوجائے گی تو مزید افراد کو بچایا جاسکے گا جو مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں۔ کیچڑ اور پتھروں کے بڑے بڑے تودوں کی زد میں آ کر لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ بڈوڈا ڈسٹرکٹ میں جمعرات کی دوپہر سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے تین مواضعات میں متعدد مکانات پوری طرح تباہ ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اندیشہ ہیکہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ کئی لوگ ہنوز لاپتہ ہیں۔