ایم ڈی یونانی میں داخلہ پانے والے طلبہ کو تہنیت، جناب ظہیرالدین علی خان، ڈاکٹر خواجہ بدرالدین و دیگر کا خطاب
حیدرآباد 30 نومبر (سیاست نیوز) جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے کہاکہ آج دنیا یونانی طریقہ علاج کی طرف پلٹ رہی ہے۔ اس لئے طلباء و طالبات کو چاہئے کہ جنھوں نے اس طریقہ علاج کے ذریعہ اپنے مستقبل کو تابناک روشن بنوانا چاہتے ہیں وہ کڑی محنت اور جستجو کریں۔ ان خیالات کا اظہار جناب ظہیرالدین علی خان یونانی میڈیکل اسوسی ایشن (اوما) اور ادارہ سیاست کے تعاون و اشتراک سے منعقدہ تہنیتی تقریب سے کیا ہے جو میڈیا پلس آڈیٹوریم، جامعہ نظامیہ کامپلکس (عابڈس) میں منعقد ہوئی۔ صدارت ڈاکٹر خواجہ بدرالدین صدیقی چیرمین یونانی میڈیکل اسوسی ایشن نے کی۔ اس موقع پر جو طلباء و طالبات جنھوں نے ایم ڈی یونانی میڈیسن میں داخلہ حاصل کرنے کے لئے آل انڈیا انٹرنس کوچنگ سے استفادہ کیا۔ اُن کی تہنیت اور میڈلس پیش کئے گئے۔ جناب ظہیرالدین علی خان نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے حکیم سید غوث الدین کی طبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ اُنھوں نے یونانی ڈاکٹر و میڈیسن کے طلباء و طالبات جو مسائل سے گھرے ہوئے اُنھیں داخلے دلوانے اور یونانی کے فروغ میں کوئی کسر باقی نہ رکھا۔ اُنھوں نے کہاکہ یونانی طریقہ علاج کی اہمیت میں روز افزوں اضافہ ہوتے جارہا ہے اور اس طریقہ علاج نے آج دیرپا بیماریوں سے لوگوں کو نجات دلوائی۔ طلباء کو چاہئے کہ وہ یونانی طبی میدان میں کڑی محنت کرتے ہوئے انسانی و خدمت خلق کے جذبہ کو ملحوظ رکھیں۔ ڈاکٹر منور حسین کاظمی ڈائرکٹر سی آر یو آئی ایم نے کہاکہ ملک کے کونے کونے سے یونانی میدان میں طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے حصہ لے کر اپنی اٹوٹ وابستگی کا ثبوت دیا ہے اور اس پر ریاست تلنگانہ کو ایم ڈی یونانی میڈیسن میں 75 فیصد نشستیں حاصل ہوئی ہیں جس پر اساتذہ و لکچررس کی کاوشوں کی ستائش کی گئی۔ انھوں نے اس موقع پر ڈاکٹر و حکیم سید غوث الدین مرحوم کی خدمات کو خراج پیش کیا جنھوں نے طلباء کو یونانی اور اس میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے جوڑا۔ انھوں نے کہاکہ ایم ڈی کرنے کے بعد طلباء کو چاہئے کہ وہ تحقیقی میدان کو ہاتھ سے جانے نہ دیں۔ ڈاکٹر میر یوسف علی سابق اڈیشنل ڈائرکٹر آیوش نے کہاکہ یونانی طریقہ علاج کے طلباء و طالبات کو جوڑنے میں جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست اور جناب ظہیرالدین علی خان کی محنت بڑی قابل قدر ہے جنھوں نے یونانی میڈیکل کالج چارمینار اور یونانی طبیہ کالج کرنول میں طلباء و طالبات کے داخلوں کے لئے بڑی محنتیں کی اور شہر میں کوچنگ کلاس کا آغاز کیا یہاں تک ایم ڈی یونانی میں دلچسپی رکھنے والے طلباء و طالبات کے لئے بھی کوچنگ کلاس کا آغاز کیا ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ڈاکٹر رفیع حیدر شکیب صدر یونانی میڈیکل اسوسی ایشن نے کہاکہ ایم ڈی یونانی کو اس میں داخلہ کے لئے یونانی میڈیکل اسوسی ایشن بہ تعاون ادارہ سیاست سے مسلسل تین سال سے شبانہ روز کوشش میں لگی ہوئی اور اس کے ثمرآور نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ آئندہ سال کے لئے ڈسمبر 16 سے ہر اتوار کو کوچنگ کلاسیس کا آغاز گیلکسی ڈگری کالج (شاہ علی بنڈہ) میں ہوگا۔ ڈاکٹر عبدالرحمن خان جنرل سکریٹری یونانی میڈیکل اسوسی ایشن نے طلباء پر زور دیا کہ وہ جس میدان سے وابستہ ہیں اُس میں کڑی محنت کرتے ہوئے اپنے مقصد کو حاصل کریں۔ اس جلسہ کو پروفیسر احسان فاروقی، ڈاکٹر مسعود وکیل قریشی، ڈاکٹر بی حسن احمد، پروفیسر سید زین العابدین، شیخ حسام الدین کے علاوہ دوسروں نے بھی مخاطب کیا۔ ڈاکٹر وقار حیدر نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ اس موقع پر طلباء و طالبات کے علاوہ حکماء و ڈاکٹرس کی کثیر تعداد موجود تھی۔