یوتھ کانگریس کی ’میں بھی بیروزگار‘ مہم شروع، ’میں بھی چوکیدار‘ کا جواب

نئی دہلی ، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی ’میں بھی چوکیدار‘ مہم کی ’ہوا اُتارنے‘ کی کوشش میں کانگریس کی یوتھ ونگ نے آج کہا کہ اس نے ’مین بھی بیروزگار‘ کا فقرہ بنایا جو اس کا دعویٰ ہے کہ سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔ انڈین یوتھ کانگریس (آئی وائی سی) کے نیشنل اِنچارج، سوشل میڈیا سل ویبھو والیا نے کہا کہ ’میں بھی بیروزگار‘ والا ہیاش ٹیاگ
(#)
ہفتہ کی صبح لانچ کیا گیا اور شام تک اسے زائد از ایک لاکھ مرتبہ استعمال کیا گیا۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ یہ ہیاش ٹیاگ ہندوستان کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر بھی مقبول ہورہا ہے۔ صدر آئی وائی سی کیشو چندر یادو نے دعویٰ کیا کہ یہ ہیاش ٹیاگ بی جے پی کی ’میں بھی چوکیدار‘ مہم کو ماند کردے گا۔ ترجمان آئی وائی سی امریش پانڈے نے کہا کہ
‘MainBhiBerozgar’ hashtag
کا آئیڈیا پیش کرنے اور اسے روبہ عمل لانے کا کام آئی وائی سی کی سوشل میڈیا ٹیم نے کیا ہے تاکہ ملک میں سالانہ دو کروڑ جابس پیدا کرنے بی جے پی کے وعدے کی قلعی کھولی جائے۔ والیا نے کہا کہ یہ ٹرینڈ ہفتہ کو 11 بجے دن شروع کیا گیا اور ہندوستان میں ٹوئٹر رجحانات میں سرفہرست نیز عالمی سطح پر ٹاپ ٹرینڈز میں سے ہے۔ یادو نے الزام عائد کیا کہ قوم بی جے پی حکومت کے ساڑھے چار سال میں نوٹ بندی اور جی ایس ٹی و دیگر غلط فیصلوں کے سبب بیروزگاری کے اپنے بدترین مرحلے سے گزر رہی ہے۔ نوجوانوں کی پریشانی بالکلیہ واضح ہے اور نوجوانوں نے یک آواز ہوکر مودی حکومت پر حملہ کیا جس کا ثبوت ٹوئٹر کے پوسٹ ہیں اور بیروزگاری کی لعنت کے بارے میں مختلف نوعیت کے سوالات پوچھے ہیں۔ بی جے پی نے ’میں بھی چوکیدار‘ مہم اس کوشش میں شروع کی تھی کہ صدر کانگریس راہول گاندھی کے وزیراعظم نریندر مودی پر بار بار ’چوکیدار چور ہے‘ طنز کا توڑ نکالا جائے۔ دونوں پارٹیوں کو لوک سبھا چناؤ میں سخت مسابقت کا سامنا ہے۔ پانڈے نے کہا کہ ٹوئٹر پر اس نئے رجحان پر کانگریس کے سرکردہ قائدین کے بھی متعدد ٹوئٹس دیکھنے میں آئے جن سے زائد از ایک لاکھ ری ٹوئٹس حاصل ہوئے ہیں۔ نیا نعرہ ’میں بھی بیروزگار‘ آنے والے جنرل الیکشن کا موضوع بدلنے جارہا ہے، جس سے ’میں بھی چوکیدار‘ کی پُرفریب مہم بے نقاب ہونے والی ہے۔ وزیراعظم مودی اتوار کی شام یہاں تالکٹورہ اسٹیڈیم میں ’میں بھی چوکیدار‘ کے عنوان پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بی جے پی ورکرز اور ملک بھر کے مختلف شعبہ جات حیات سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے خطاب کریں گے۔