استنبول۔6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ترک حکومت نے آج ایک سخت بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ اگر یروشلم کو اسرائیل کے لیے دارالخلافہ کے طور پر اعلان کرتا ہے تو اس کا واضح مطلب یہ ہوگا کہ امریکہ مشرق وسطی کو آگ میں جھونکنے کی کوشش کررہا ہے جو انتہائی تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے۔ نائب وزیراعظم اور حکومت کے ترجمان باقر بوزاغ نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا نیا دارالخلافہ تسلیم کئے جانے سے نہ صرف یہ خطہ بلکہ ساری دنیا آگ میں جھونک دیئے جانے کے مترادف ہے اور یہ کہا نہیں جاسکتا کہ یہ تباہی کہاں جاکر رکے گی۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ امریکہ کی جانب سے اٹھایا جانے والا یہ قدم ہر ایک کے لیے انتہائی تباہ کن ثابت ہوگا اور دنیا میں ہر طرف افراتفری، سیاسی بے چینی اور جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا جس سے حالات اس قدر ناخوشگوار ہوجائیں گے جن کا ہم نے کبھی تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔