یدی یورپا کا استعفیٰ ، کانگریس کی جیت

گاندھی بھون میں جشن، انجن کمار یادو صدر پی سی سی تلنگانہ اتم کمار کا خطاب

حیدرآباد ۔ 19 مئی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے یدی یورپا کے استعفیٰ کو کانگریس کی جیت قرار دیا۔ سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے پارٹی قائدین و کارکنوں کے ساتھ گاندھی بھون میں بڑے پیمانے پر جشن منایا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اکثریت نا رکھنے والی بی جے پی کرناٹک میں ارکن اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی تھی۔ تاہم کانگریس پارٹی نے بی جے پی کو غیردستوری عمل کرنے سے روک دیا اور بالآخر دستوری و جمہوری طاقت کے آگے بی جے پی کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہونا پڑا۔ کانگریس کے ارکان اسمبلی نے کروڑہا روپئے کے آفر کو ٹھکراتے ہوئے کانگریس سے وفاداری نبھائی اور دستور کے تحفظ میں اہم رول ادا کیا۔ گاندھی بھون میں کانگریس کے کارکنوں نے آتشبازی اور مٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے جشن منایا۔ اس موقع پر سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو، جنرل سکریٹری ایس کے افضل الدین، سکریٹری سید یوسف ہاشمی کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ انجن کمار یادو نے یدی یورپا کو ایک دن کا سلطان قرار دیتے ہوئے کرناٹک کے گورنر کو عہدے سے ہٹادینے کا صدرجمہوریہ سے مطالبہ کیا اور کہا کہ بی جے پی کی ہار سے کانگریس کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے یدی یورپا کے استعفیٰ کو کانگریس کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی ۔ شاہ کا جادو ختم ہوگیا ہے۔ یہاں سے ملک میں جہاں بھی انتخابات منعقد ہوں گے کانگریس پارٹی راہول گاندھی کی قیادت میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 15 دن میں ارکان اسمبلی کو خریدنے کی بی جے پی نے مکمل تیاری کرلی تھی تاہم سپریم کورٹ کو سلام جس نے بی جے پی کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔ یدی یورپا کا استعفیٰ کانگریس اور جمہوریت کی جیت ہے۔