یاقوت پورہ میں انقلاب ‘ مجلس بچاو تحریک کی کامیابی یقینی ‘ فرحت خان

پری پیڈ برقی میٹرس لگانے نہیں دیا جائیگا ‘ غریب مسلمان بچوں کو ہوٹل میں کام کرنا نہیں پڑیگا ۔ انتخابی جلسہ سے خطاب
حیدرآباد 5 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) صدر مجلس بچاو تحریک و امیدوار حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ مجید اللہ خاں فرحت نے اس یقین کا اظہار کیا کہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے عوام اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں اور ان کی تائید کے ذریعہ وہ شاندار کامیابی حاصل کرینگے ۔ مجید اللہ خاں فرحت نے کہا کہ یاقوت پورہ سے ایک انقلاب برپا ہوگا جو سارے تلنگانہ کے مسلمانوں کیلئے امید کی کرن ثابت ہوگا اور وہ اس انقلاب کو مسلمانوں کا حق دلانے اور ان سے انصاف کرنے کیلئے پروان چڑھائیں گے ۔ مجید اللہ خاںفرحت آج انتخابی مہم کے آخری دن مرکزی انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے جو مارننگ اسٹار ہوٹل یاقوت پورہ کالونی میں منعقد ہوا تھا ۔ اس سے قبل آج صبح 10 بجے سے فرحت خان کی انتخابی ریلی اور روڈ شو کا جبار ہوٹل سے آغاز ہوا جو کمان شیخ فیض ‘ بڑا بازار ‘ املی بن ‘امان نگر ‘ مدینہ نگر ‘ دھوبی گھاٹ ‘ وغیرہ سے ہوتی ہوئی جلسہ گاہ تک پہونچی ۔ ریلی اور روڈ شو کے راستوں پر رائے دہندوں کی کثیر تعداد اور خاص طور پر خواتین نے مجید اللہ خاں فرحت کا استقبال کیا اور ان کی کامیابی کیلئے نیک تمناوںکا اظہار کیا ۔ ان کی گلپوشی کی گئی اور بعض مقامات پر خواتین نے انہیں اپنے مسائل سے بھی واقف کروایا ۔ جلسہ سے خطاب کے دوران فرحت خان نے کہا کہ وہ حکومتوں کی خوشامد کرنے کی بجائے مسلمانوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے حکمران وقت کا گریبان پکڑ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے عوام پر بے تحاشہ بوجھ ڈالنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ انتخابات کے بعد سارے حیدرآباد میں برقی کے پری پیڈ میٹرس نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ مقامی نمائندے بھی حکومتوں کے ساتھ ساز باز کرکے خاموش ہیں اور وہ حکومتوں سے اپنے مفادات کی تکمیل کے عوض حکومت کو مسلمانوںپر بوجھ عائد کرنے کی اجازت دے چکے ہیں۔ فرحت خان نے اعلان کیا کہ وہ حلقہ یاقوت پورہ سے کامیابی کے بعد سارے حلقہ میں ایک بھی پری پیڈ برقی میٹر نصب کرنے کی اجازت نہیں دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر برقی جرمانوں اور بلوں کے نام پر کسی غریب کے گھر میں برقی کاٹی جائیگی اور اس کے گھر میں اندھیرا ہوگا تو وہ حکمران وقت کے بنگلوں میں بھی روشنی ہونے کی اجازت نہیں دینگے ۔ انہوں نے ایک بار پھر اعلان کیا کہ وہ رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد اپنی ساری تنخواہ حلقہ کے یتیم یسر بچوں ‘ بیوہ خواتین اور دینی مدرسوں کیلئے وقف کردینگے ۔ اپنے اہل و عیال کیلئے اس تنخواہ کا ایک روپیہ بھی استعمال نہیںکرینگے ۔ عوامی نمائندوں کو لاکھوں روپئے تنخواہیں عوام کے ٹیکس سے ادا کی جاتی ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ ان تنخواہ پر غریب عوام کا حق ہے اور وہ انہیں کیلئے یہ تنخواہ وقف کردینگے ۔ فرحت خان کے اس اعلان کا جلسہ گاہ میں موجود ہزاروں عوام نے پرجوش استقبال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں صرف رکن اسمبلی منتخب ہونے کی لڑائی نہیں ہے بلکہ یہ غریب اور مظلوم مسلمانوں کو ان کا حق دلانے کی جدوجہد ہے ۔