تاریخی شہر کے خوبصورت مناظر کا1500 فیٹ کی بلندی سے مشاہدہ ، کے ٹی آر نے افتتاح کیا
حیدرآباد۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں فضائی سیاحت کا آج آ غاز ہو گیا ۔ اب شہر حیدرآباد کا فضائی نظارہ کرنے کے خواہشمند افراد 1500 فیٹ کی اونچائی سے شہر حیدرآباد کا ہیلی کاپٹر کے ذریعہ مشاہدہ کرسکتے ہیں ۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے تارک راما راؤ نے آج نکلس روڈ پر ہیلی کاپٹر خدمات کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس منصوبہ کو عوام کی پذیرائی حاصل ہوتی ہے تو ایسی صورت میں فضائی سیاحت کی ان خدمات کو ریاست کے دیگر اضلاع تک وسعت دی جائے گی ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ حکومت اس سرویس کی کامیابی کی صورت میں اسے مزید فروغ دیتے ہوئے ٹی گرجنا ساگر ، ورنگل ، کریم نگر ، نلہ ملہ جنگلات کے علاوہ گوداوری ندی جیسے سیاحتی مقامات پر بھی شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ انڈویل اوٹیشن کارپوریشن کے ہمراہ اشتراک کے ساتھ محکمہ سیاحت کی جانب سے شروع کردہ اس فضائی سیاحتی سفر کیلئے 3500 روپئے فی کس کرایہ وصول کیا جائے گا اور ان 3500 میں تقریباً 15 منٹ کا فضائی سفر کروایا جائے گا ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ کے ہمراہ اس موقع پر ریاستی وزیر سیاحت اجمیرا چند لعل کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ مسٹر کے ٹی آر نے مزید کہا کہ ریاست کے سیاحتی فروغ کیلئے حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں اور امید ہے کہ فضائی سیاحت کے اس رجحان میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا ۔ اس فضائی سیاحت کو مزید بہتر بنانے اور عوام کی دسترس کے قابل بنانے کے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔