ہاردک کی بھوک ہڑتال کا 12 واں دن کانگریس کی چیف منسٹر سے درخواست

احمدآباد۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پتی دار کوٹہ احتجاج کے قائد ہاردک پٹیل کی بھوک ہڑتال آج 12 ویں دن میں داخل ہوگئی جبکہ کانگریس نے ان کے مطالبات کی تائید کرتے ہوئے بی جے پی حکومت گجرات پر الزام عائد کیا کہ وہ کاشت کاروں کو نظرانداز کررہی ہے۔ بی جے پی اور کانگریس کے درمیان اس الزام کے بعد زبانی تکرار شروع ہوگئی ۔ ریاستی حکومت نے ہاردک کے اُٹھائے گئے مسائل پر غور کرنے کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ، کاشت کاروں اور ان کے مسائل کو فراموش نہیں کرتی۔ وہ انتخابات میں بھی انہیں یاد رکھتی ہے اور بعد میں بھی۔ کانگریس نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر چیف منسٹر سے ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کریں گے۔ ریاستی حکومت کو ہاردک کے مطالبات پر غور کرنا ہی ہوگا، کیونکہ بی جے پی حکومت نے ہاردک پٹیل کو بھوک ہڑتال ختم کرنے کی کوئی ترغیب نہیں دی، ہم چیف منسٹر سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔

ہڑتال کے دوران ہاردک کا وزن 20 نہیں 11کلو گھٹا ہے
احمدآباد ،5ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)پاٹی دار آرکشن آندولن سمیتی(پاس)کے لیڈر ہاردک پٹیل کی بھوک ہڑتال کے دوران ان کا وزن 20کلو گرام نہیں بلکہ 11کلو 600گرام ہی گھٹا ہے ۔ سرکاری سولا سیول اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر آجیش دیسائی نے آج یواین آئی کو بتایا کہ ہاردک کا وزن بھوک ہڑتال کے پہلے دن 25اگست کو 78کلو تھا۔وزن لینے میں تکنیکی گڑبڑی کی وجہ سے کل 11ویں دن ان کا وزن 58کلو 300گرام درج ہوگیا تھا جبکہ یہ آج 12ویں دن 66کلو 400گرام تھا۔وزن کی مشین میں کوئی گڑبڑی نہیں ہے ۔وزن کے دوران کھڑے ہونے کے طریقے میں گڑبڑی کی وجہ سے ایسا ہوا۔اگر وزن کے دوران کوئی شخص کسی چیز کوپکڑ لے تو اس کا وزن کم آتا ہے ۔اس معاملے میں بھی ایسا ہی ہوا ہے ۔ وزن کرنے والی ڈاکٹر منیشا پانچال نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے وزن لینے میں ہوئی گڑبڑی کے بارے میں اپنی رپورٹ دے دی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہاردک نے آج مسلسل تیسرے دن بھی سرکاری ڈاکٹروں کو جانچ کے لئے خون اور پیشاب کے نمونے دینے سے انکار کر دیا حالانکہ ان کا بلڈ پریشر،نبض وغیرہ معمول پر تھے ۔انہیں پہلے سے ہی اسپتال میں داخل ہونے کی صلاح دی گئی ہے ۔