ہوسٹن کے مال میں فائرنگ ، 9 افراد زخمی

پولیس نے حملہ آور وکیل کو ہلاک کردیا ، 100 راؤنڈ فائرنگ کی آوازیں سُنیں : عینی شاہد

ہوسٹن ۔26 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں فائرنگ کے تازہ واقعہ میں ایک وکیل نے جنوب مغربی ہوسٹن کے اسٹرپ مال میں بلااشتعال گولیاں چلائیں جس کے نتیجہ میں 9 افراد زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے حملہ آور کو گولی مارکر ہلاک کردیا۔ ہوسٹن پولیس نے ٹوئٹ کیاکہ ویزلیان اینڈ ویسونٹ پر حملہ آور کو پولیس عہدیداروں نے گولی ماردی۔ اس حملے میں دیگر افراد کے ملوث ہونے کاکوئی شبہ نہیں ہے ۔ پولیس نے کہاکہ حملہ آور کو گولی مار دی گئی اور اُسے قریبی ہاسپٹل میں مردہ حالت میں لایا گیا تھا ۔ پولیس سربراہ نے مشتبہ شخص کی شناخت ظاہر کرنے سے انکار کیا لیکن ذرائع ابلاغ کے نمائندہ کو بتایا کہ وہ ایک وکیل تھا اور اُسے اپنی لاء فرم کے تعلق سے بعض مسائل درپیش تھے ۔ پولیس کے مطابق فائرنگ میں 9 افراد زخمی ہوئے ۔ زخمیوں میں تین کو علاج کے بعد ہاسپٹل سے ڈسچارج کردیاگیا ۔ ایک کی حالت نازک اور مزید ایک کی حالت انتہائی نازک بتائی گئی ہے ، سی این این نے یہ اطلاع دی ۔ ایک عینی شاہد نے کہاکہ اُس نے AK47 اور AR15 کے ذریعہ 100 سے زائد راؤنڈ فائرنگ کی آوازیں سنی ۔ اُس نے بتایا کہ پولیس اور مشتبہ شخص کے مابین بھی فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔ آج کا یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب کہ چند دن قبل ہی واشنگٹن میں ایک شخص نے مال میں فائرنگ کی تھی اور پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ اس طرح 17 ستمبر کو ایک 20 سالہ نوجوان نے منی سوٹا مال میں دس افراد کو چاقو گھونپ دیا تھا ، پولیس نے اُسے ہلاک کردیا۔ امریکہ کو ماہ جون میں تاریخ کے بدترین فائرنگ واقعہ سے گذرنا پڑا جہاں اورلینڈو میں ایک شخص نے 50 افراد کو ہلاک اور 53 کو زخمی کردیا تھا ۔ گزشتہ سال ڈسمبر میں سان برناڈنو میں فائرنگ کاواقعہ پیش آیا جس میں14 افراد ہلاک ہوگئے ۔