نئی دہلی : ہندوستانی عازمین کے بذریعہ ہوائی جہاز سفر حج کے لئے گلوبل ٹنڈر جاری کرنے کامطالبہ کے تحت داخل عرضی کی آج سماعت کی جائے گی ۔یہ عرضی ۵؍ مارچ کو آل انڈیا حج سیوا سمیتی نے داخل کی تھی ۔
سمیتی کے صدر حافظ نوشاداحمد اعظمی نے بتایا کہ حج سبسیڈی ختم کردئے جانے کے باوجود حکومت نے جب ہندوستانی عازمین کو حج کے مہنگے کرائیوں سے نجات دلوانے کے لئے گلوبل ٹنڈر جاری نہیں کیا ۔تب حج سمیتی نے عدالت سے رجوع کرنے کافیصلہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ اب جب کہ سمندری راستہ سے سفر حج کے لئے گلوبل ٹنڈر داخل کیا جاچکا ہے ۔
وہ امید کرتے ہیں کہ عدالت عظمیٰ حاجیوں کے حق میں پیسے او روقت دونوں کی بچت کو ملحوظ رکھتے ہوئے ہندوستانی عازمین کو بذریعہ ہوائی جہاز سے سفر حج کے لئے گلوبل ٹنڈرجاری کرنے کے مطالبہ پر سنجیدگی سے غور کرکے مناسب فیصلہ سنائے گی ۔نوشاد اعظمی نے کہا کہ سمندری راستہ سے حج ابھی شروع بھی نہیں ہوا لیکن اس کے لئے گلوبل ٹنڈر کو مناسب سمجھا گیا ۔
حالانکہ سعودی عرب تک ہوائی سفر حاجیوں کے لئے آسان ہے اور گلوبل ٹنڈر کے نتیجہ میں ہوائی سفر کا کرایہ زیادہ سے زیادہ حاجیو ں کیلئے قابل برداشت ہوجائے گا ۔حج کمیٹی آف انڈیا کے سابق رکن نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت ہند بھی اس معاملہ کو عوام دوست سے پہلو وکو سامنے رکھ کر اپنے موقف پر نظر ثانی کرے گی ۔