کرکٹ اسٹیڈیم میں تمام ہندوستانی بھی پاکستانی قومی ترانہ بجانے پر ایستادہ ہوگئے تھے
دبئی۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امن کیلئے ایک خیرسگالی جذبہ کے طور پر ایک پاکستانی شہری نے رواں ایشیا کپ ٹورنمنٹ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران ہندوستان کا قومی ترانہ گایا جس کا ویڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر تیزی سے گشت کرنے لگا ہے، دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں 19 ستمبر کو کھیلے گئے اس میچ میں جس میں پاکستان کو ہندوستان کے مقابلہ شکست ہوگئی تھی، 29 سالہ عادل تاج بھی میچ دیکھنے والے ہزاروں شائقین میں شامل تھے جنہوں نے ہندوستان کا قومی ترانہ گاتے ہوئے امن کیلئے خیرسگالی کا مظاہرہ کیا۔ تاج نے کہا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ ایک بالی ووڈ فلم میں ہندوستانی قومی ترانہ سننے کے بعد کافی متاثر ہوئے تھے اور اسٹیڈیم میں ان کا اقدام دراصل امن کے تئیں ایک چھوٹا سا نذرانہ اور خیرسگالی جذبہ ہے۔ ’’گلف نیوز‘‘ کی اس خبر میں عادل تاج کے حوالے سے لکھا گیا ہے کہ ’’میں (عادل تاج) بالی ووڈ کا بہت بڑا مداح ہوں۔ میں نے ایک ہندی فلم ’’کبھی خوشی کبھی غم‘‘ میں یہ ترانہ سنا تھا۔ اس ترانہ کے مناظر میں ایک منظر اس حد تک جذباتی تھا کہ مجھے بھی پرجوش و متاثر کردیا جس کے بعد میں نے اس ترانہ کو اس وقت سیکھنے کی کوشش کی جب ہندوستان کی طرف سے کھیلے جانے والے کرکٹ ٹسٹ کے آغاز سے قبل بجایا جاتا تھا‘‘۔ دبئی میں رہنے والے تاج نے مزید کہا کہ ’’میچ کے دوران پہلے پاکستان کا قومی ترانہ بچایا گیا اور اسٹیڈیم میں موجود تمام ہندوستان اس موقع پر اپنی نشستوں سے اُٹھ کھڑے ہوئے تھے اور ایستادگی کے ساتھ احترام کا اظہار کیا۔ اس جذبہ نے مجھے کافی متاثر کیا اور میں نے سوچا کہ مجھے بھی ان (ہندوستانیوں) کے ساتھ قومی ترانہ گاتے وقت شامل ہونا چاہئے‘‘۔