حکومت ہند کے ساتھ قریبی سطح پر کام کرنے وزیراعظم نجیب رزاق کی خواہش ، نریندر مودی سے ملاقات
نئی دہلی ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ہندوستان اور ملائیشیا نے اپنے حکمت عملی پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا عہد کیا اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے مشترکہ چیلنجس سے موثر طور پر نمٹنے کا عزم ظاہر کیا ۔ یہاں وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ملائیشیائی ہم منصب نجیب رزاق سے ملاقات و بات چیت کے دوران تجارتی روابط کو فروغ دینے پر زور دیا ، دونوں قائدین نے ثقافتی ، معاشی اور حکمت عملی پر مبنی روابط کے بشمول باہمی تعلقات کو ایک نئی بلندی پر لے جانے کی خواہش ظاہر کی ۔ دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات کے علاوہ دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح وفود کی بھی بات چیت ہوئی ۔ بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نجیب رزاق اور نریندر مودی نے کہا کہ ہمارے معاشروں کے تحفظ کے لیے اور عظیم تر علاقائی بہتری کے لیے ہم کو باہمی تعلقات میں مضبوطی لانی ہوگی ۔ مشترکہ مسائل اور چیلنجس سے موثر طریقہ سے نمٹنے کے لیے شراکت داری کو پہلے سے زیادہ متحرک کرنے کی ضرورت ہے ۔ نریندر مودی نے یہ بھی کہا کہ دونوں جانب معاشی خوشحالی ، بحری روابط کو آزادانہ بنانے اور ایشیا پیسیفک حصہ میں استحکام خاص کر سمندری علاقوں میں مضبوطی کو یقینی بنانا ضروری ہے ۔ نجیب رزاق نے خصوصی طور پر یہ بات بتائی کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ملائیشیا کے ڈی ریاڈکلائیزیشن پروگرام کی کامیابی کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے میں خصوصی دلچسپی دکھائی ہے ۔ انہو ںنے اس خصوص میں نریندر مودی کو ایک کتاب پیش کی جس میں انقلابی سرگرمیوں سے نمٹنے کے طریقہ کار بتائے گئے ہیں ۔ ہم حکومت ہند سے قریبی سطح پر کام کرنا چاہتے ہیں ۔ نجیب رزاق نے یہ کہتے ہوئے زور دیا کہ مستقبل قریب میں ملایشیا کی جانب سے اپنے حلیف ممالک کو اپنے تجربات سے بھی واقف کروائیں گے ۔ دنیا کو ایک ایسا مقام بنانے میں مدد ملے گی جہاں انتہا پسندی اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی ۔ ملایشیا کے دورہ کنندہ وفد نے دفاعی اور حکمت عملی پر مبنی شراکت داری پر خاص کر توجہ دی ۔ وزیراعظم مودی اور وزیراعظم نجیب رزاق کے درمیان بات چیت کے بعد دونوں ملکوں نے فضائی خدمات اور ملایشیا میں فرٹیلائزر پلانٹ کے قیام میں تعاون کے بشول 7 معاہدوں پردستخط کیے ۔ نجیب رزاق نے کہا کہ باہمی تعلقات میں ابھی تک کوئی خاص پیشرفت نہیں ہوئی ہے ۔ توقع ہے کہ ان معاہدوں سے دونوں جانب مختلف شعبوں میں ترقیات کا باب کھل جائے گا ۔ اس دوران صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کے دوران ، وزیراعظم ملایشیا نے بتایا کہ ان کا ملک ہندوستان کے ساتھ باہمی تعلقات و تجارت کو 2020 تک 15 بلین امریکی ڈالر کے نشانے تک لے جانے کا خواہاں ہے ۔ راشٹرا پتی بھون میں خیر مقدمی تقریب کے دوران صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کہا کہ ہند ۔ ملایشیا کے درمیان دفاعی تعاون میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ۔۔