امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری اور وزیر خارجہ سشما سوراج کی بات چیت، عالمی 2017 چوٹی کانفرنس کی مشترکہ میزبانی
نئی دہلی 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور امریکہ نے اسٹراٹیجک اور تجارتی مذاکرات کے ذریعہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر زور دیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات ہی کی وجہ سے دونوں کے درمیان شراکت داری کا رجحان قوی ہوتا جارہا ہے۔ عالمی معیشت، باہمی تجارت کے علاوہ ہندوستان امریکہ کے درمیان دیگر شعبوں میں زیادہ سے زیادہ شراکت داری پر توجہ دیتے ہوئے باہمی سرمایہ کاری کے بہاؤ میں اضافہ پر بھی توجہ دی گئی۔ گزشتہ دو سال کے دوران اس سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسرے ہند ۔ امریکہ اسٹراٹیجک اینڈ کمرشیل مذاکرات کے بعد مشترکہ طور پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت سے حکومت کے رابطہ میں بہتری آئی ہے۔ معاشی اور تجارتی عنوانات پر دونوں جانب کی حکومتوں نے گزشتہ سال سے بہتر کام انجام دیا ہے۔ ان کی بات چیت کے ذریعہ ادارہ جاتی رکاوٹوں کو دور کرے اور اپنے منصوبوں کو بروئے کار لانے کی راہیں کشادہ کرلی گئی ہیں۔
وزیر خارجہ سشما سوراج اور مملکتی وزیر کامرس و صنعت نرملا سیتا رامن کی مشترکہ قیادت میں امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان ایف کیری اور امریکی سکریٹری آف کامرس پینی پرٹیزکر کے ساتھ بات چیت کی گئی۔ چھوٹے اور متوسط صنعتوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس سے پیداوار میں اضافہ اور روزگار کے بے شمار مواقع پیدا کرنے کی اُمید کے ساتھ دونوں ملکوں نے ایک ایسا پلیٹ فارم قائم کرنے کا عہد کیا جس کے ذریعہ دونوں ممالک کے تجربات اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مالیہ کے حصول کے لئے بھی مرحلہ وار طور پر کوشش کی جائے گی۔ وشاکھاپٹنم میں جاری اسمارٹ سٹی اشتراکیت کی کامیابی کو تسلیم کرتے ہوئے دونوں ملکوں نے اس سے مربوط ماسٹر پلان مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یادداشت مفاہمت کے مطابق پارٹنر سٹیز (اجمیر، الہ آباد اور وشاکھاپٹنم) سے ٹریڈ مشن کا احیاء کیا جائے گا تاکہ اپنے اپنے شہروں کے لئے ایک اسمارٹ حل نکالا جاسکے۔
دونوں قائدین نے امریکہ ۔ ہند سی ای او فورم کی سفارشات کا بھی جائزہ لیا اور فورم کے اہم رول کو بھی تسلیم کیا ہے۔ اس فورم نے دونوں جانب کے تجارتی و صنعتی اُمور سے مربوط مسائل کو حل کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ اس بات کا بھی نوٹ لیا گیا کہ ہندوستان کے اسٹارٹ اپ انڈیا اقدام سے صنعت کاری اور اختراعی اقدامات کے لئے مزید تیز تر مواقع حاصل ہوں گے۔ دونوں ملکوں نے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان مزید اسٹارپ اپ پروگرام شروع کرنے کا عہد کیا۔ ہندوستان میں آئندہ سال 2017 ء عالمی صنعتی چوٹی کانفرنس کا انعقاد عمل میں آرہا ہے جس کی میزبانی دونوں ملک ہند ۔ امریکہ کی جانب سے کی جائے گی۔ اس کانفرنس میں ساری دنیا سے صنعتکاروں، سرمایہ کاروں، ماہرین تعلیم، سرکاری عہدیداروں اور تجارتی نمائندوں کو مدعو کیا جاکر بات چیت کی جائے گی۔ اس کانفرنس کے ذریعہ مختلف اقدامات کئے جائیں گے۔