ہند وستان اور سنگاپور کے مابین اسٹراٹیجک پارٹنرشپ

10 معاہدوں پر دستخط ، وزیراعظم مودی کی صدر اور سنگاپور کے ہم منصب سے ملاقات
سنگاپور 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور سنگاپور نے باہمی روابط کو ایک نئی سطح تک لے جاتے ہوئے اسے ’’اہم پارٹنرشپ‘‘ میں تبدیل کردیا ہے اور دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کے ساتھ ساتھ دیگر کئی شعبوں جیسے سائبر سکیوریٹی، جہاز رانی اور شہری ہوا بازی میں باہمی معاہدوں پر دستخط کئے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی آج سنگاپور کے ہم منصب لی سین لونگ سے ملاقات کے دوران ان معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ مودی نے صدر سنگاپور ٹونی ٹیان کینگ سے بھی ملاقات کی۔ اُن کا استانہ میں جو صدر سنگاپور کی سرکاری رہائش گاہ ہے، شاندار استقبال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے مابین 10 معاہدوں پر دستخط ہوئے اور ’’اسٹراٹیجک پارٹنرشپ‘‘ پر دونوں نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔ اس اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان اور سنگاپور نے باہمی روابط کو مزید وسعت دینے سے اتفاق کیا ہے اور موجودہ سیاسی، دفاعی اور سکیوریٹی کے علاوہ معاشی و ثقافتی تعاون اور عوام سے عوام کے رابطہ کو فروغ دیا جائے گا۔ اس میں عظیم تر علاقائی استحکام اور ترقی میں رول کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے۔ دیگر معاہدوں میں دفاعی تعاون کا معاہدہ بھی شامل ہے جس کے تحت وزرائے دفاع دونوں ممالک کی مشترکہ فوجی مشقوں کے سلسلہ میں بات چیت کریں گے۔ اس کے علاوہ دفاعی صنعت میں اُن شعبوں کی نشاندہی کی جائے گی جہاں دونوں ممالک مل کر باہمی پیداوار یا ترقی میں اپنا رول ادا کرسکتے ہیں۔ یادداشت مفاہمت میں سائبر سکیوریٹی کے سلسلہ میں معلومات کے تبادلہ اور باہمی تعاون سے بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ ایرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا اور سنگاپور کوآپریشن انٹرپرائز کے مابین شہری ہوا بازی خدمات اور ایرپورٹ مینجمنٹ کے شعبہ میں باہمی تعاون کے تعلق سے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے۔ وزارت اُمور خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے بعدازاں ٹوئٹ کیاکہ 10 باہمی دستاویزات پر دستخط کئے گئے ہیں۔ دونوں وزرائے اعظم نے راشٹرپتی بھون اور استانہ (صدر سنگاپور کی سرکاری رہائش گاہ و دفتر) پر یادداشت ڈاک ٹکٹ بھی جاری کئے۔ نریندر مودی کل رات سنگاپور پہونچے اور یہاں انھوں نے باوقار سنگاپور لیکچر دیا۔ انھوں نے ناشتہ پر سنگاپور کی ممتاز شخصیتوں سے ملاقات بھی کی۔ بعدازاں امیریٹس سینئر وزیر گوچوک ٹونگ نے مودی سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کل اپنے لیکچر میں ٹونگ کی خدمات کا تذکرہ کیا جو سنگاپور کے دوسرے وزیراعظم تھے جنھوں نے ہندوستان کے ساتھ باہمی روابط کو مستحکم بنانے میں اہم رول ادا کیا تھا۔