ممبئی۔4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عالمی سطح پر ابھرتی مارکٹوں کی ماہر و تجربہ کار شخصیت سمجھنے جانے والے مارک موبیئس نے خیال ظاہر کیا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ رنجشوں اور لڑائیوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو مضبوط و مستحکم بنادیا ہے اور مئی میں ہونے والے عام انتخابات میں بی جے پی دوسری میعاد کے لیے برسر اقتدار آئے گی۔ ہندوستان نے گزشتہ ہفتہ پاکستان میں جیش محمد کے دہشت گرد تربیتی کیمپوں پر فضائی حملہ کیا تھا۔ موبیئس کیپٹل پارٹنرس کے بانی مارک موبیئس نے جو ٹمپلٹن ایمرجنگ مارکٹس گروپ کے ایگزیکٹیو چیرمین بھی ہیں، مزید کہا کہ کشمیر میں منفی صورتحال کے باوجود دلچسپ پہلو یہ ہے کہ اس (فضائی حملوں کے) مخصوص واقعہ نے مودی کی مقبولیت کو مستحکم بنادیا ہے کیوں کہ وہ ہندوستانی قوم پرستی کے ساتھ کھڑے تھے جہاں تک مارکٹ کا تعلق ہے، یہ ایک مثبت پہلو ہوگا کہ وہ بھاری اکثریت حاصل کریں اور کسی حلیف یا اتحاد کے بغیر اپنی حکومت تشکیل دیں۔ موبئیس نے کہا کہ اس کے بعد ہی معاشی اصلاحات کا عمل جاری رہے گا جو سرمایہ کاروں کے لیے بہتر ہوگا۔ سٹہ بازار نے بھی گزشتہ ہفتہ شرط لگائی تھی کہ آنے والے انتخابات میں بی جے پی کو 260-270 نشستیں حاصل ہوں گی۔ تاہم یکم فروری کو عبوری بجٹ کی پیشکشی کے بعد بی جے پی کو 230 نشستیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی تھی۔ موبیئس نے کہا کہ مجھے ہمیشہ یہی یقین رہا حتی کہ واقعہ سے پہلے بھی میرا یہی اندازہ تھا ۔