اقوام متحدہ ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے بھی ہند پاک کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کا نوٹ لیتے ہوئے دونوں ممالک سے خواہش کی ہیکہ بات چیت کے ذریعہ کشیدگی کو دور کریں۔ یاد رہیکہ 14 فبروری کو جموں و کشمیر کے پلوامہ ڈسٹرکٹ میں پاکستان کے جیش محمد دہشت گرد تنظیم کے ذریعہ کئے گئے خودکش حملہ میں سی آر پی ایف کے زائد از 40 جوان ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد ہندوستان نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے بالاکوٹ میں واقع جیش کے تربیت گاہوں اور دیگر ٹھکانوں پر حملے کرتے ہوئے کئی دہشت گردوں اور کمانڈرس کو ہلاک کردیا۔ ہندوستان کی جوابی کارروائی کو ہی مدنظر رکھتے ہوئے گوٹیرس نے دونوں ممالک سے صبروتحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی کیونکہ اگر ایسا نہ ہوا تو خطہ میں حالات مزید بگڑ جائیں گے جو عالمی سطح پر بھی اثرانداز ہوگا۔ گوٹیرس کے ترجمان اسٹیفائی دوبارک نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سکریٹری جنرل اس وقت ہندوپاک کی موجودہ صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور موصوف دونوں ممالک کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ اس وقت صبروتحمل کا مظاہرہ کرنا ہی دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کیلئے بہتر ہوگا۔