جموں: سابق چیف منسٹر جموں وکشمیرفاروق عبداللہ نے آج کہاکہ ہندوستان پاکستانی مقبوضہ کشمیر حاصل نہیں کرسکتا۔ او رپاکستان بھی جنگ کے ذریعہ ہندوستانی کشمیر کو حاصل کرنے کی طاقت نہیں رکھتا۔لہذا مسئلہ کا حل یہی ہے کہ دونوں مملکوں کے مابین مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا جائے ۔
انہو ں نے ایک تقریب کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ہم جنگ کے ذریعہ پاکستانی مقبوضہ کشمیر حاصل نہیں کرسکتے اور پاکستان بھی جنگ کے ذریعہ ہندوستانی کشمیر چھین نہیں سکتا۔ایسے میں ایک ہی صورت باقی رہ جاتی ہے اور یہ مذاکرات کے ذریعہ مسئلہ حل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ جو لوگ انہیں مخالف قوم قراردیتے ہوئے پاکستانی مقبوضہ کشمیر پر حالیہ بیان کے بارے میں جو ہنگامہ آرائی کررہے ہیں ‘ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں اقوام متحد میں ہندوستان کی مدافعت پر ان کی ستائش کی تھی۔
فاروق عبداللہ نے کہاکہ تنقید کرنے والوں میں اگر حوصلہ ہوتو انہیں سرحد پر جاکر لڑنا چاہئے۔جس وقت انہوں نے اقوام متحدہ میں ہندوستان کا دفاع کیاتھا تب وہ مخالف قوم نہیں تھے‘ اٹل بہاری واجپائی نے بھی ان کی تائیدکی تھی۔خط قبضہ کے دونوں جانب عوام فائرینگ سے متاثر ہورہی ہے لہذا دونوں ممالک کو مذاکرات کے میز پر آنا چاہئے۔
انہوں نے مسعود اظہریا داؤدابراہیم کو واپس لانے میں ناکامی پرہندوستان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ جب ہم انہیں واپس نہیں لاسکتے تو پھر آپ کون سے دعوے کررہے ہیں۔