دنیا کی دو بڑی قدیم جمہورتوں کے درمیان اشتراک و یگانگت
نئی دہلی ۔ 27 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی قاصد برائے اقوام متحدہ نکی ہیلی نے آج اس بات کی نشاندہی کی کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں وسیع تر مواقع پیدا ہورہے ہیں ۔ دونوں ممالک نے ہمہ مقصدی سطحوں پر خاص کر دہشت گردی کے خاتمہ اور فوجی اُمور میں ایک دوسرے کے ساتھ اشتراک کو فروغ دے رہے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ ان کے دورۂ نئی دہلی کا مقصد بھی یہی ہے کہ دنیا کی دو قدیم بڑی جمہوریتوں کے درمیان دوستی اور اشتراک کے علاوہ اظہار یگانگت کو فروغ دیا جائے ۔ ہیلی جو اقوام متحدہ کی امریکی سفیر بننے کے بعد پہلی مرتبہ ہندوستان کا دورہ کررہی ہے ، زور دیکر کہا کہ مذہبی آزادی کا حاصل ہونا ضروری ہے اور عوام کی آزادی کے علاوہ ان کے حقوق کو بھی پوری آزادی ملنی چاہئے ۔ ہندوستانی نژاد امریکی شہری ہیلی کے ہمراہ امریکی سفیر برائے ہند کینتھ جوسٹر بھی تھے ور ان دونوں نے مغل شہنشاہ ہمایوں کے تاریخی مقبرہ کا بھی دورہ کیا اور اپنے اس دورہ کو گھر واپسی قرار دیا۔ انھوں نے کہاکہ اس دورہ سے مجھے بیحد دلی خوشی ہورہی ہے ۔ میں ہندوستان واپس آئی ہوں ۔ یہ ایک بہت ہی خوبصورت اور یادگار دورہ ہے ۔ مجھے ہمیشہ خوشی ہوتی ہے کہ میں اپنے وطن میں ہوں ۔ میرے والدین کہتے ہیں کہ میں اپنے وطن کیلئے بیحد مضطرب رہتی ہو ں۔ مجھ میں اپنا وطن دیکھنے کی حد سے زیادہ خواہش رہتی ہے ۔ میں ہمیشہ یہاں آتے رہتی ہوں ۔ اس مرتبہ میرے دورہ سے قبل کہا گیا کہ نئی دہلی میں تیز گرمی ہے ۔ لیکن میں یہ کہتی ہوں کہ یہ گرمی میرے لئے قیمتی ہے کیونکہ میں اپنے وطن میں ہوں ۔