ہندوستان مجھے خوش کرنے کیلئے معاہدہ کرنا چاہتا ہے، امریکی موٹر سائیکلوں پر امپورٹ ڈیوٹی کی شرح میں کمی ناکافی
واشنگٹن، 2 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکی مصنوعات پر مبینہ طور پر زیادہ ٹیکس لگانے کے معاملہ پر ہندوستان کی تنقید کی ہے ۔ ٹرمپ نے ہندوستان کو’ٹیکسوں کا بادشاہ‘ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہندوستان مجھے خوش کرنے کے لئے امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنا چاہتا ہے ۔حالیہ دنوں میں یہ دوسری بار ہے جب امریکی صدر نے ہندوستان پر مبینہ طور پر زیادہ امپورٹ ڈیوٹی ( درآمدات ٹیکس ) رکھنے کا الزام لگایا ہے ۔ ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا کے ساتھ نئے تجارتی معاہدہ کے اعلان کے لئے وائٹ ہاؤس میں منعقد ایک پریس کانفرنس کے دوران ہندوستان پر یہ الزام لگایا۔مسٹر ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا کے ساتھ نئے تجارتی معاہدے کے اعلان کے بعد ان تجارتی معاہدوں کے بارے میں بتایا جن پر بات چیت چل رہی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ امریکہ کی جاپان، یوروپی یونین، چین اور ہندوستان کے ساتھ تجارتی معاہدے کو لے کر بات چیت چل رہی ہے ۔مسٹر ٹرمپ نے امریکی موٹر سائیکل’ ہارلے ڈیوڈسن’ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس موٹر سائیکل پر 100 فیصد کی شرح سے امپورٹ ڈیوٹی لگائے جانے کے سلسلہ میں وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی بات چیت کی۔ امریکی صدر نے کہا کہ مسٹر مودی نے اس موٹر سائیکل پر درآمد ات ٹیکس کی شرح کم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان نے امریکی موٹر سائیکلوں پر امپورٹ ڈیوٹی کی شرح کم کی ہے لیکن وہ نا کافی ہے ۔امریکی صدر نے ہندوستانی مصنوعات پر بھی اسی طرح کا درآمدات ٹیکس لگانے کی دھمکی دی ہے۔ٹرمپ نے کہاکہ ہندوستان کے ساتھ میرے تعلقات بہت اچھے ہیں۔وزیر اعظم مودی کے ساتھ شاندار تعلقات ہیں۔ وہ اس کو لے کر کام کریں گے ۔دراصل، تجارتی معاہدے کے سلسلہ میں امریکہ اور ہندوستان کے درمیان جاری یہ مذاکرات امریکی تجارتی نمائندے رابرٹ لائٹزر آگے بڑھا رہے ہیں۔ٹرمپ انتظامیہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تجارت کے فرق کو کم کرنے کے لئے ہندوستان پر مسلسل دباؤ بناتا رہا ہے کہ وہ امریکہ سے زیادہ مصنوعات درآمد کرے ۔اس سے پہلے امریکہ ،میکسیکو اور کینیڈا کے درمیان نئے شمالی امریکہ آزادانہ تجارت کے معاہدے (نافٹا) کو لے کر آخر کار رضامندی ہو گئی ہے ۔امریکی صدر نے کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ ہوئے نئے تجارتی معاہدے کوامریکی فیکٹریوں میں کام کرنے والوں کے لئے ‘نئی صبح’ بتایا ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ اس معاہدے کے ذریعے امریکہ میں روزگار واپس آئیں گے ۔قابل غور ہے کہ سال 1994 میں ہوئے شمالی امریکہ آزاد تجارت کے معاہدے (نافٹا) کی جگہ لینے والے نئے امریکہ میکسیکو-کینیڈا معاہدے کو مسٹر ٹرمپ نے تاریخی قرار دیا ہے۔