ہندوستان میں بھی ’’گن کلچر‘‘ شہریوں کے پاس 71.1 ملین آتشیں اسلحہ

امریکہ کے بعد ہندوستان کا مقام ، قانونی و غیر قانونی طریقہ سے بندوقیں رکھنے کا رجحان عام

حیدرآباد ۔ /24 جون (سیاست نیوز) ہندوستان میں شہریوں کے ہاتھوں میں قانونی اور غیر قانونی دونوں طریقوں سے آتشیں اسلحہ کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ امریکہ کے بعد ہندوستان دوسرا سب سے بڑا ’’گن کلچر‘‘ ملک بنتے دکھائی دے رہا ہے ۔ ساری دنیا میں مجموعی طور پر ایک ملین آتشیں اسلحہ پائے جاتے ہیں ۔ ان میں 85 فیصد ہتھیار و اسلحہ شہریوں کے پاس ہیں ۔ غور طلب امر یہ ہے کہ مختلف ملکوں کی فوج کے پاس صرف 13 فیصد اسلحہ پایا جاتا ہے ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ فوج یا دفاعی فورس کے مقابلہ شہریوں کے پاس اسلحہ کا ذخیرہ زیادہ ہے ۔ حالیہ ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستانی شہریوں کے پاس 71.1 ملین آتشیں اسلحہ پائے جاتے ہیں ۔ اقوام متحدہ کی سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان میں گن لائسنس جاری کرنے کا رجحان سب سے زیادہ ہے ۔ ریاست اترپردیش میں 1.28 ملین اسلحہ شہریوں کے پاس ہے جبکہ جموں و کشمیر میں صرف 0.37 ملین ، پنجاب میں 0.35 ملین ، کرناٹک میں 0.13 ملین ، ٹاملناڈو اور اڈیسہ میں سب سے کم 0.02 ملین اسلحہ شہری اپنے پاس رکھتے ہیں ۔ کیرالا میں 0.009 ملین اسلحہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ تلنگانہ میں آتشیں اسلحہ کا چلن بڑھتا جارہا ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں خانگی طور پر گن لائسنس حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق /31 ڈسمبر 2016 ء تک ہندوستان میں 3.36 ملین گن لائسنس جاری کئے گئے ۔ شہریوں نے گن رکھنے کو اپنے لئے وقار اور ضرورت محسوس کرتے ہوئے فیکٹری میں تیار کردہ ہینڈگنس ، رائفلس ، شاٹ گن یا مشین گنوں کا استعمال کرنا شروع کیا ہے ۔ شہر حیدرآباد میں بھی تقریباً 4.5 ہزار گن لائسنس ہونے کی اطلاع ہے جس میں زیادہ تعداد ویسٹ زون علاقے میں پائی جاتی ہے ۔ شہر میں ایسے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں جس میں لائسنس یافتہ اسلحہ کا نوجوانوں کی جانب سے معمولی سی جھگڑوں میں استعمال کیا گیا تھا اور سٹی پولیس نے ایسے کئی بین ریاستی ٹولیوں کو بے نقاب کیا ہے جو اترپردیش ، بہار اور شمالی ہند کے علاقوں سے دیسی ساختہ بندوقوں کو شہر میں اسمگلنگ کررہے تھے ۔ حالیہ دنوں ممبئی میں یہاں کے ایک مقامی جماعت کے رکن اسمبلی کے قریبی حامی و روڈی شیٹر کو ممبئی کرائم برانچ نے دیسی ساختہ ریوالور خریدنے کے الزام میں گرفتار کرتے ہوئے اسلحہ برآمد کیا ، اس کے مکان واقع مادنا پیٹ میں تلاشی بھی لی گئی تھی ۔ شبہ ہے کہ شہر میں ایسے کئی افراد موجود ہیں جو شمالی ہند سے غیرقانونی طور پر حاصل کئے گئے اسلحہ کو اپنے قبضے میں رکھے ہوئے ہیں ۔ حالانکہ پولیس اسلحہ لائسنس حاصل کرنے کیلئے سختی اختیار کررہی ہے لیکن اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے گن لائسنس حاصل کیا جارہا ہے ۔