ترقی یافتہ ممالک کو محروم ممالک کی مالی امداد کرنا چاہئیے ، اقوام متحدہ میں اصلاحات ضروری : سشما کا جنرل اسمبلی سے خطاب
اقوام متحدہ ۔ /29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہشت گر دی کو سرکاری پالیسی کا ایک ہتھیار بنانے پر پاکستان سے بات چیت کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ پاکستان پر سخت جوابی وار کرتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ بات چیت کی کئی کوششیں کی ہیں ۔ لیکن واحد وجہ جس کی وجہ سے مذاکرات منسوخ کردیئے گئے ، پاکستان کا رویہ تھا ۔ ہم پر مذاکرات کے عمل کو سبوتاج کرنے کا الزام عائد کیا جاتا ہے لیکن یہ مکمل طور پر غلط ہے ۔ ہم یقین رکھتے ہیں کہ مذاکرات ہی زیادہ تر تنازعات کی یکسوئی کا واحد راستہ ہے ۔ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 73 ویں اجلاس کے دوران مباحث میں شرکت کررہی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے کو اقتدار سنبھالنے کے بعد پاکستان کے نئے وزیراعظم عمران خان کو وزیراعظم نریندر مودی نے مکتوب روانہ کیا تھا تاکہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران علحدہ ملاقات کا انتظام کیا جائے ۔ ہندوستان کی اس تجویز کی قبولیت کے کچھ ہی دیر بعد خبر ملی کہ دہشت گردوں نے تین ہندوستانی فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے ۔ سشما سوراج نے سوال کیا کہ کیا اس سے بات چیت کی خواہش کا اظہار ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران ہندوستان کی کئی حکومتوں نے پاکستان کے ساتھ امن بحال کرنے کی خواہش کی تھی ۔ وزیراعظم مودی نے 7 ممالک کے سربراہان مملکت کو 2014 ء میں اپنی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسمبر 2016 ء میں بھی وہ شخصی طور پر پاکستان کے دورہ پر گئے تھیں اور جامع باہمی بات چیت کا پیشکش کیا تھا لیکن اس کے فوری بعد پاکستان زیرسرپرستی دہشت گردوں نے ہمارے فضائیہ کے ہوائی اڈہ پر /2 جنوری کو پٹھان کورٹ میں حملہ کیا آخر ہم دہشت گردی اور خونریزی کے ماحول میں بات چیت کیسے کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ /11 ستمبر کے نیویارک میں دہشت گردوں حملوں کے قاتلوں کو تقدیس عطا کی گئی ۔ /26 نومبر کو ممبئی دہشت گرد حملوں کے کلیدی سازشی حافظ سعید استثنیٰ حاصل ہونے کے بعد پاکستان کی سڑکوں پر آزادانہ طور پر گھوم رہے ہیں ۔ اقوام متحدہ میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر خارجہ ہندوستان نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ غیرموثر برقرار رہے تو بہت جلد اس کا صفایا ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس لئے سلامتی کونسل میں اصلاحات اولین ضرور ت ہیں ۔ ماحولیات کا تذکرہ کرتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ اپنی فوری ضرور یات کیلئے قدرتی وسائل کا استحصال کیا جاتا ہے ۔ اس لئے مالدار ممالک کو محروم ممالک کی مالی امداد کرنا چاہئیے ۔