ہسی مرا(مغربی بنگال)۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج کہا کہ ہندوستان امن کیلئے پابند عہد ہے لیکن وہ اپنی سالمیت کے تحفظ کیلئے فوجی طاقت کے مظاہرے اور تعیناتی کیلئے ہمیشہ تیار بھی رہتا ہے۔ انہوں نے آج دو آئی اے ایف جنگی طیاروں کی اہم ترین سرحدی فضائی اڈے پر تعیناتی کے بعد ان خیالات کا اظہار کیا۔ پرنب مکرجی جو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں، انہوں نے 22 ویں اور 18 ویں اسکاڈرنس کو پریسیڈنٹ اسٹانڈرس پیش کئے جو MiG-27 لڑاکا طیاروں کی ذمہ دار بھی ہے۔ یہ اسکاڈرنس مغربی بنگال کے ضلع علی پوردور میں واقع ہے اور یہ انتہائی اہمیت کا حامل مقام ہے کیونکہ یہ بھوٹان کی سرحد سے بالکل قریب ہے۔ یہاں سارے شمال مشرقی سرحدی علاقہ پر فضائی نگرانی کی جاسکتی ہے۔ صدرجمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان نے ہماری مسلح فورسیس کی صلاحیتوں کی بنیاد پر غیرمعمولی مقام حاصل کیا ہے۔ ہم امن کیلئے پابند عہد ہے، لیکن ملک کی یگانگت اور اس کے تحفظ کیلئے ساری طاقت کا استعمال بھی کرسکتے ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ ہمارے سپاہی ایسے کسی موقع کیلئے چوکس و چوکنا ہیں۔ انہوں نے فضائیہ کی ستائش کی اور کہا کہ ہندوستانی فوجی طاقت میں اسے نمایاں مقام حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے فضائی جنگجوؤں نے اپنی طاقت اور صلاحیت کے ذریعہ یہ یقین دلایا ہے کہ وہ ملک کے مفادات کا دفاع کرنے کیلئے ہمیشہ تیار ہیں۔ پریسیڈنٹ اسٹانڈرس مسلح فوج کے اُن یونٹس کو پیش کیا جاتا ہے جو مقررہ وقت کے دوران غیرمعمولی اور جانفشانی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ آج ان دونوں یونٹس کو جو ایوارڈ دیا گیا وہ گزشتہ 50 سال سے یہاں کام کررہی ہیں۔