ہندوستان اور پاکستان میں آج پہلا روزہ

افغانستان میں جمعہ سے رمضان کا آغاز

نئی دہلی ۔ /16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے مختلف حصوں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ۔ کل بروز جمعرات /17 مئی پہلا روزہ ہوگا ۔ امارات شرعیہ نئی دہلی ، ہلال کمیٹی لدھیانہ پنجاب اور جمعیۃ العلمائے ہند ، دارالعلوم دیوبند اترپردیش کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہلی میں چاند نظر نہیں آیا ۔ تاہم دیگر علاقوں گجرات کے سورت ، آندھراپردیش کے نیلور ، کرناٹک کے بھٹکل کے علاوہ ٹاملناڈو ، کیرالا ، پانڈیچری سے رویت کی تصدیق ہوئی ہے ۔ پاکستان میں کل سے رمضان کا آغاز ہورہا ہے جبکہ افغانستان میں /18 مئی بروز جمعہ کو پہلا روزہ ہوگا ۔ پاکستان کے مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے چاند نظر آنے کی توثیق کی جبکہ اسلامی فاؤنڈیشن بنگلہ دیش نے جمعہ سے رمضان کا آغاز کیا ۔ رئویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی میٹنگ مولانا نیاز احمد فاروقی کے زیر صدارت، امارت شرعیہ ہند کے مرکزی دفتر ۱۔بہادر شاہ ظفر مارگ نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا۔ حضرت مولانا عبدالجلیل قاسمی صاحب قاضی شریعت مرکزی دارالقضاء امارت شرعیہ بہار اڑیسہ و جھارکھنڈ پھلواری شریف پٹنہ نے اعلان کیا ہے کہ آج /16 مئی 2018 مطابق /29 شعبان روز چہارشنبہ کو پھلواری شریف میں رمضان المبارک کا چاند نہیں دیکھا گیا ، لیکن چینائی ، بنگلور وغیرہ سے چاند دیکھے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ جن کی تصدیق کرلی گئی ہے ۔