مشترکہ فوجی مشقوں سے اتفاق ، صحت اور اسپورٹس کے شعبوں میں معاہدے
بندر سیری بیگاون۔ 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور برونی نے مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد کے ذریعہ دفاعی تعاون میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ نائب صدرجمہوریہ محمد حامد انصاری کی یہاں اعلیٰ قیادت سے بات چیت کے بعد دونوں ممالک کے مابین تین معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ قدرتی وسائل سے مالامال برونی کے ساتھ سفارتی روابط قائم ہونے کے بعد ہندوستان سے حامد انصاری کا پہلا اعلیٰ سطحی دورہ ہے۔ دونوں ممالک نے دفاعی شعبہ کے علاوہ صحت اور یوتھ اینڈ اسپورٹس افیرس کے شعبہ میں معاہدہ کئے۔ دفاعی شعبہ میں دونوں ممالک نے مختلف سطحوں پر دورہ اور ایک دوسرے کے تجربہ، معلومات، ٹریننگ کے تبادلے اور مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد کے ذریعہ باہمی تعلقات کو مضبوط بنانا کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈیفنس انڈسٹریز کے مابین تعاون بھی کیا جائے گا اور مشترکہ سمینارس اور مباحثے منعقد ہوں گے۔ ہندوستان اور برونی کے مابین بحری جہازوں کی آمدورفت، اسٹاف کالجس میں سینئر فوجی عہدیداروں کو ٹریننگ اور تجربے کے تبادلہ کی شکل میں دفاعی تعاون پہلے سے موجود ہے۔ اس نئے معاہدہ کے تحت باہمی تعاون میں مزید اضافہ کا فیصلہ کیا گیا۔ حامد انصاری کے دورۂ برونی کے دوسرے دن ان معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ یہاں منعقدہ تقریب میں برونی کے وزیر ثقافت، یوتھ اینڈ اسپورٹس اونگ ہلہی، وزیر صحت حاجی ذوالقرنین اور نائب وزیر دفاع عبدالعزیز موجود تھے۔ صحت کے شعبہ میں تکنیکی، سائنٹفک، مالی اور انسانی وسائل میں باہمی تعاون یقینی بنایا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان حفظان صحت، میڈیکل تعلیم اور ریسرچ کو پروان چڑھایا جائے گا۔ ڈاکٹرس کے تبادلے، دیگر پیشہ ور ماہرین کے تبادلہ کے علاوہ صحت کے شعبہ میں معلومات کا بھی ایک دوسرے سے تبادلہ کیا جائے گا۔ یوتھ اینڈ اسپورٹس افیرس کے شعبہ میں یہ معاہدہ اسپورٹس شخصیتوں اور اسپورٹس ٹیموں کے باہم تبادلے کی سہولت فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ ابھرتے کھلاڑیوں کی نشاندہی، اسپورٹس مینجمنٹ اور یوتھ افیرس کے شعبہ میں باہم تبادلے کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ وزارت اُمور خارجہ کے سیکریٹری (ایسٹ) انیل ودوا نے ہندوستان کی طرف سے معاہدوں پر دستخط کئے۔واضح رہے کہ برونی ، دُنیا بھر میں ایل این جی کی پیداوار کا چوتھا سب سے بڑا ملک ہے۔ نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری ،برونی کے پانچ روزہ دورہ پر ہیں جہاں وہ اعلیٰ قیادت سے ملاقات کے علاوہ تاریخی مقامات کا دورہ کریں گے۔