ہندوستان آئندہ سال پانچویں بڑی معیشت ہوگا

برطانیہ کو پیچھے چھوڑ دیا جائیگا ۔ ارون جیٹلی کا فیس بک پوسٹ

نئی دہلی 13 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے آج اس یقین کا اظہار کیا کہ ہندوستان آئندہ سال دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن جائیگا اور اس دوڑ میں وہ برطانیہ کو پیچھے چھوڑ دے گا بشرطیکہ معاشی توسیع کا عمل مجوزہ شرح سے آگے بڑھتا جائے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ بڑھتی ہوئی خام تیل کی قیمتیں اور عالمی تجارتی جنگ اس میں بڑا چیلنج ہیں۔ جیٹلی نے اپنے ایک فیس بک پوسٹ میں کہا کہ اگر ہم مجوزہ شرح سے ترقی کرتے رہیں تو یہ بہت زیادہ امکان ہے کہ ہم برطانیہ کو پیچھے چھوڑ کر آئندہ سال دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن جائیں گے ۔ انہوں نے یہ ادعا کیا کہ ہندوستان گذشتہ چار سال سے انتہائی تیز رفتار سے ترقی کرتی ہوئی معیشت ہے اور آئندہ دہے میں بھی ہندوستان کی معاشی توسیع کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ ورلڈ بینک کی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کی معیشت دنیا کی چھٹی سب سے بڑی معیشت بن گئی ہے ۔ فرانس ساتویں نمبر پر چلا گیا ہے جبکہ امریکہ اول نمبر پر ہے ۔ چین دوسرے ‘ جاپان تیسرے ‘ جرمنی چوتھے اور برطانیہ پانچویں نمبر پر ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ہندوستانی معیشت کی یہ شرح 2017 کی معاشی کارکردگی کی اساس پر تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں تجارت میں آسانی پیدا کرنے کے عمل میں کافی پیشرفت ہوئی ہے اور ہندوستان کو پسندیدہ سرمایہ کاری مقام کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے ۔ ہم اس سفر میں تاہم خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے اور عالمی تجارتی جنگ کے چیلنجس سے بھی نمٹنے میں مصروف ہیں۔ خام تیل کی قیمتیں فی الحال 66 ڈالرس فی بیاریل سے بڑھ کر 75 ڈالرس فی بیاریل تک پہونچ گئی ہیں۔