سرمایہ کاری کے کئی مواقع ، مرکزی وزیر وی کے سنگھ اور کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد۔6مئی (سیاست نیوز) حکومت ہند دنیا بھر میں تجارت دوست ممالک سے تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات کر رہی ہے اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ سرمایہ کاروں اور تاجرین کو معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور سرمایہ کار دوست ماحول کی تیاری عمل میں لائی جائے۔ ڈاکٹر وی کے سنگھ مرکزی مملکتی وزیر خارجہ نے انڈین اسکول آف بزنس کے اشتراک منعقدہ ’مذاکرۂ دکن‘ بعنوان ’’معاشی سفارت برائے ترقیات‘‘ سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہا رکیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے ملک بھر میں بہترین ذرائع حمل و نقل کی فراہمی کا مقصد عوامی سہولتوں کے ساتھ ساتھ بیرونی تاجرین کو معیاری سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ڈاکٹر وی کے سنگھ نے بتایا کہ عالمی سطح پر مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والوں کی بہ آسانی آمد و رفت کے علاوہ بیرونی راست سرمایہ کاری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی مارکٹ دنیا بھر میں مقبول ہے اور یہاں کی مارکٹ سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں کامیاب ہورہی ہے ۔ مرکزی مملکتی وزیر نے کہا کہ تجارتی سفارت کے ذریعہ مختلف ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بہتر سے بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ وزارت خارجہ کی جانب سے ملک کی مختلف ریاستوں میں موجود سہولیات سے بیرونی سرمایہ کاروں کو واقف کروانے کے علاوہ ایک مقام سے تمام سہولتوں کی فراہمی کیلئے ریاستوں کی تفصیلات کے ساتھ امورخارجہ میں علحدہ شعبہ تیار کیا گیا جو ان امور کی نگرانی کرتے ہوئے بیرونی تاجرین و سرمایہ کاروں کو معلومات فراہم کرے گا۔ڈاکٹر وی کے سنگھ نے کہا کہ چین نے صنعتی پیداوار کی حیثیت سے اپنی شناخت بنائی ہے جو عالمی سطح پر چین کی مستحکم معیشت کی مثال بنی ہوئی ہے۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ شہر حیدرآباد ایک مستحکم شہر ہے اور یہاں کا سیاسی موقف مضبوط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد انفارمیشن ٹکنالوجی اور تہذیب کیلئے جانا جاتا ہے ۔ یہاں پر انفارمیشن ٹکنالوجی کے فروغ کیلئے آئی ٹی ہب بھی قائم کیا گیا ہے جس نے کم وقفہ میں مثبت نتائج دیئے ہیں ۔ اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی کے تارک راما راؤ نے کہا کہ ریاست میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین مواقع ہیں۔ انہوں نے کئی ممالک کے سفیروں سے سرمایہ کاری کی خواہش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں تجارت کیلئے اہم ترین مقامات میں تلنگانہ ریاست بھی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر مناسب اراضی، وسائل، سہولتیں اور حکومت کی جانب سے بروقت تعاون کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ صرف دو ہفتوں کے اندر صنعتوں کو منظوری اور اجازت دی جارہی ہے۔ تجارت کی دنیا میں ہندوستان کی سب سے کم عمر ریاست تلنگانہ نے اپنی منفرد پہچان بنالی ہے۔ دیگر ریاستوں کیلئے تلنگانہ ایک مثالی ریاست کا درجہ رکھتی ہے۔ کے ٹی آر نے وزارت خارجی اُمور پر زور دیا کہ وہ بیرونی ممالک سے پرکشش سرمایہ کاری کو یقینی بنانے میں ریاستوں کا تعاون کرے۔ تلنگانہ حکومت نے نئی پالیسی اور صنعتی پالیسی کے ذریعہ سرمایہ کاری کے کئی مواقع فراہم کئے ہیں۔