’’سوچھ ایل او سی ‘‘کا مقصد پورا ہوا ، مرکزی وزراء راج ناتھ سنگھ ، وینکیا نائیڈو ، پرکاش جاؤڈیکر کا بیان
نئی دہلی۔ 2 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سپاہیوں نے لائن آف کنٹرول کے اُس پار دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر سرجیکل حملوں کے ذریعہ جس دلیری اور شجاعت کا مظاہرہ کیا ہے، اس پر ملک کو فخر ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے یہ بات بتائی۔ سوچھ بھارت مشن کے تحت تعمیر کردہ ’’اسمارٹ ٹائیلٹ‘‘ کے افتتاح کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نہ صرف ملک بلکہ ساری دنیا ان سرجیکل حملوں کے بارے میں واقف ہے۔ اس انداز میں ہمارے نوجوانوں نے بہادری کے جوہر دکھائے اس پر ہندوستان کو فخر ہے۔ پاکستان کی جانب سے اس فوجی کارروائی کے بارے میں ظاہر کئے جانے والے شبہات اور ان الزامات پر کہ فوٹیج بھی جاری نہیں کئے گئے، وزیر داخلہ نے کہا کہ تھوڑا انتظار کیجئے اور دیکھئے۔ جمعہ کو فوج نے پاکستانی میڈیا کی اطلاعات کو مسترد کردیا جس میں ہندوستانی نقصانات کا ذکر کیا گیا تھا۔ اس فوجی کارروائی میں لائن آف کنٹرول کے اس پار دہشت گردوں کی 7 پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
فوج نے کہا کہ بعض پاکستانی ٹی وی چیانلس منفی پروپگنڈہ کررہے ہیں اور فرضی ویڈیو کلپس کے ذریعہ یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ ہندوستانی فوج کو کافی نقصان پہونچا ہے ۔ مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ ہندوستانی سکیورٹی فورسیس نے پڑوسی ملک کو جو دہشت گردی کی حوصلہ افزائی اور مالیہ فراہم کررہا تھا، منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ’’سوچھ ایل او سی‘‘ کا مقصد حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے ہی دن یہ معلوم ہوگیا کہ مودی کیا ہیں ، ہمارا پڑوسی ملک دہشت گردوں کو ٹریننگ فراہم کرتا ، انہیں اُکساتا اور ان کی مالی مدد کے علاوہ اعانت بھی کرتا ہے۔ ہماری فوج نے انہیں منہ توڑ جواب دیا اور ’’سوچھ من، سوچھ دھن ، سوچھ تن کے بعد اب سوچھ سرحد، سوچھ ایل او سی ‘‘ کا نشانہ پورا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب سوچھ بھارت کو آگے بڑھانے کیلئے ہم سب کو متحد ہونا چاہئے۔ وزیراطلاعات و نشریات نے گاندھی جینتی کے موقع پر عوام سے خواہش کی کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کی ’’صاف ستھرا ہندوستان‘‘ کی اپیل پر مثبت جواب دیں
اور ’’سوچھ شہری ‘‘ بن جائیں۔ انہوں نے ہندوستان کی ترقی کا ماحول تیار کرنے کیلئے مودی کے اختیار کردہ موقف کی ستائش کی۔ انہوںنے کہا کہ گاندھی جی نے تحریک آزادی کے دوران ’’ستیہ گرہ‘‘ کا اعلان کیا جس نے اس میں حصہ لیا ، وہ ’’ستیہ گرہی ‘‘بن گیا ، اسی طرح مودی کی اپیل پر حصہ لیتے ہوئے آپ ’’سوچھ گرہی‘‘ بن جائیں۔ اس دوران کولکتہ میں ایک اور مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل پرکاش جاؤڈیکر نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے میں ہندوستان کوئی رواداری نہیں برتے گا چنانچہ اسی اصول پر عمل کرتے ہوئے مرکز نے حالیہ سرجیکل حملے کے ذریعہ پاکستان کو موثر جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو وزیراعظم نریندر مودی پر فخر ہے ، جنہوں نے پاکستان کو یکا و تنہا کیا اور سرجیکل حملوں کے ذریعہ منہ توڑ جواب بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں کے ذریعہ مرکز نے پاکستان کو یہ واضح اشارہ دیا ہے کہ دہشت گردی کی مسلسل حوصلہ افزائی اور جارحیت ترک کرے۔