ہندوستانی فضائیہ کے اڈہ پر فدائن حملہ ، تین سکیورٹی اہلکار ، پانچ حملہ آور ہلاک

مشتبہ جیش محمد حملہ آوروں کی کارروائی ، لڑاکا طیاروں اور جنگی ہیلی کاپٹرس کو تباہ کرنے کا منصوبہ ناکام ، پانچ گھنٹوں تک گھمسان لڑائی

پٹھان کوٹ (پنجاب)، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے پانچ نہایت مسلح دہشت گردوں نے جو مشتبہ طور پر جیش محمد سے تعلق رکھتے ہیں، آج طلوع آفتاب سے قبل پنجاب کے پٹھان کوٹ میں واقع انڈین ایرفورسس (فضائیہ) کے اڈہ پر حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں ہونے والی گھمسان لڑائی میں سکیورٹی فورسیس کے تین اہلکار اور پانچ حملہ آور  دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ وزیراعظم نریندر مودی کے دورۂ لاہور کے بعد بمشکل ایک ہفتے کے دوران یہ دہشت گرد حملہ ہوا ہے۔ تاہم دہشت گرد  پاکستانی سرحد سے انتہائی قریب واقع انڈین ایرفورس کے اس اڈہ کی دفاعی حصار میں داخل نہیں ہوسکے کیونکہ سکیورٹی فورسیس ، پولیس اور دیگر سکیورٹی عہدیداروں سے انھیں سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ۔ جیش محمد تنظیم سے مشتبہ طور پر تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کا یہ حملہ رات کے پچھلے پہر 3 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوا ۔ ذرائع نے کہا کہ اس حملہ میں انڈین ایرفورسس کے تین اہلکار ہلاک ہوگئے ۔ جن میں ایک گارڈ کمانڈو بھی شامل ہے ۔ پانچ گھنٹوں کی اس کارروائی کے دوران پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ۔ ذرائع نے کہا کہ باقیماندہ دہشت گردوں کے صفائے کیلئے زمینی فوج کے سپاہیوں کی مشترکہ ٹیم کی اعانت کے لئے انڈیا ایرفورسیس کے لڑاکا ہیلی کاپٹرس بھی استعمال کئے جارہے ہیں ۔ حکام نے کہا کہ فضائی اڈہ پر ہیلی کاپٹرس ، دیگر آلات و اوزار بحفاظت ہیں ۔ پولیس نے کہا کہ ایرفورس اسٹیشن کا تکنیکی سرگرمی کا علاقہ بھی محفوظ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آور دہشت گرد ، طاقتور دھماکو مواد آر ڈی ایکس کے بھاری ذخیرہ کے ساتھ فضائی اڈہ کے عقبی حصہ سے داخل ہوئے تھے جہاں دور دور تک گھنا جنگل ہے ۔ تاہم وہ لنگر خانہ کے قریب نہیں پہنچ سکے،

جہاں سکیورٹی فورسیس پوری طرح چوکس تھے ۔ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کی راست نگرانی میں سکیورٹی فورسیس نے اس حملہ کو ناکام بنادیا ۔ واضح رہے کہ پنجاب پولیس کے ایک ایس پی کے جمعرات کی شب اغوا کے بعد اس قسم کے کسی حملے کا پہلے اندازہ لگالیا گیا تھا ۔ فوج اور انٹلیجنس بیورو کے اعلیٰ افسران کے قومی سلامتی مشیر کی جانب سے کل دن بھر طلب کردہ کئی سلسلہ وار اجلاسوں کے بعد گزشتہ رات ہی این ایس جی کمانڈوز کی ایک ٹیم انڈین ایرفورس کے اڈہ کو روانہ کی گئی تھی ۔ وزارت دفاع کے ذرائع نے کہا کہ انڈین ایرفورسس (آئی اے ایف) اسٹیشن کے ٹکنیکل ایریا میں دہشت گرد داخل نہیں ہوسکے جہاں مگ ۔ 21 جنگی طیارے موجود ہیں ۔ ذرائع نے مزید کہا کہ ان حملوں سے قبل ہی پٹھان کوٹ ایرفورس اسٹیشن پر فوج نے اسپیشل فورسیس کی ایک ٹیم کے علاوہ 50 سپاہیوں پر مشتمل دو کالمس تعینات کئے تھے ۔ پولیس اور فوج کے ذرائع نے کہا کہ سکیورٹی فورسیس اور دہشت گردوں کے درمیان زائد از پانچ گھنٹوں تک گھمسان لڑائی جاری رہی ۔ اس دوران بندوق کی گولیاں چلنے کی گھن گرج کے درمیان دھماکوں کی آواز میں بھی سنی گئیں ۔ سکیورٹی فورسیس کے اعلیٰ افسران نے دہلی میں کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد فضائی اڈہ پر زیادہ سے زیادہ تباہی مچانا تھا جس کو دہشت گردوں کے خلاف ایک انتہائی کامیاب کارروائی میں ناکام بنادیا گیا ۔ پنجاب میں ایک سال سے بھی کم مدت کے دوران دہشت گردی کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے ۔ گرداسپور کے دینانگر پولیس اسٹیشن پر گزشتہ پل جولائی میں تین دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا ۔ اور 12 گھنٹوں تک لڑائی جاری رہی ۔ پٹھان کوٹ فضائی اڈہ پر آج پیش آئے اس دہشت گرد حملے کے بعد ساری ریاست پنجاب کے علاوہ ، جموں و کشمیر ، ہریانہ ، راجستھان ، گجرات میں بھی سخت ترین چوکسی اختیار کرلی گئی ہے۔