کابل میں اسٹور پیالیس کا مشترکہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ مودی اور اشرف غنی نے افتتاح کیا
نئی دہلی ۔22اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ 1.25بلین عوام ہمیشہ اپنے پڑوسی ملک افغانستان میں امن و خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے ساتھ دیں گے ۔انہوں نے آج صدرافغانستان اشرف غنی کے ہمراہ کابل میں اسٹور پیالیس کا تزئن نو کے بعد ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ مشترکہ طور پر افتتاح انجام دیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان قریبی دوست ہے ۔ ہمارے سماج اور عوام کے اس ملک کے ساتھ دیرینہ روابط ہیں ‘ایسے قابل فخر ملک کو جو دہشت گردی اور تشدد کے چیالنجس درپیش ہیں انہیں دیکھ کر ہمیں دکھ ہوتاہے ۔ انہوں نے افغانستان کے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ ایک خوشحال ملک کی تعمیر اور امن‘ سلامتی و استحکام کی برقراری میں ہندوستان ہمیشہ ساتھ رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے 1.25بلین لوگ ہر وقت آپ کیساتھ ہیں ۔ نریندر مودی نے نارتھ بلاک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ بھی رکاوٹیں درپیش ہوں ہندوستان تمام افغانیوں کے بہتر مستقبل کیلئے مل کر کام کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ ہماری دوستی اور پارٹنرشپ میں فرق نہیں آئے گا ۔ آج کا یہ موقع اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم باہمی طور پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کررہے ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان ترقی کرے اور یہاں سماج میں خوشحالی آئے ۔ اس کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی کے فوائد سب کو حاصل ہو ۔ صدر افغانستان اشرف غنی نے کہا کہ امن اور ہم آہنگی کی یہ منطق دہشت گردی اور تشدد منطق کو شکست دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان ہمیشہ ہندوستان کا دوست رہا ہے اور اس طرح کے مشترکہ پراجکٹس سے دونوں ممالک کے مابین بامقصد تعاون کا سفر جاری رہے گا ۔ نریندر مودی نے ہندوستانی سفارت خانے اور قونصل خانے کے تحفظ اور وہاں خدمات انجام دے رہے ہندوستانی ماہرین کو تحفظ فراہم کرنے پرحکومت افغانستان سے اظہارتشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے افغان بھائیوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا ۔