مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے 410 عازمین کو دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے وداع کیا
نئی دہلی۔14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی عازمین حج کا پہلا قافلہ آج سعودی عرب روانہ ہوگیا۔ وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے اللہ کے مہمانوں کو اس مقدس سفر پر روانگی کے موقع پر وداع کیا۔ انہوں نے کہا کہ سفر اور مناسک کو آسان اور سہولت بخش بنانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ 410 عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ آج صبح اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے مدینہ منور روانہ ہوا۔ رواں سال ہندوستان بھر سے 1,28,702 عازمین کو حج کمیٹی کے ذریعہ مقدس سفر پر روانہ کرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ دہلی سے آج تقریباً 1,200 عازمین حج تین طیاروں کے ذریعہ سعودی عرب روانہ ہوئے۔ ان میں دہلی کے 410 کے علاوہ 450 کا تعلق بہار کے علاقہ گیا سے ہے۔ گوہاٹی کے 269، لکھنؤ کے 900 سرینگر کے 1,020 عازمین بھی آج ہی سعودی عرب روانہ ہوئے۔ نقوی نے کہا کہ وزارت اقلیتی اُمور، سعودی عرب کے قونصل خانہ، ہندوستانی حج کمیٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون و اشتراک سے حج 2018ء کے سفر کو آسان اور سہولت بخش بنانے کیلئے مقررہ وقت سے پہلے تمام انتظامات کی تکمیل کرچکی تھی۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ حج 2018ء کا نئی حج پالیسی کے مطابق اہتمام کیا گیا ہے۔
حج کے سارے عمل کو شفاف بنایا گیا اور عازمین کی سہولتوں کو یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سبسیڈی کی برخاستگی اور سعودی عرب میں مختلف نئے ٹیکسیس عائد کئے جانے کے باوجود ہندوستانی عازمین پر کوئی اضافی مالی بوجھ عائد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ سفر کرنے والے عازمین حج کیلئے 2017ء کے مقابلے ایرلائینس کو اس سال 57 کروڑ روپئے کم اور کئے گئے ہیں۔ نقوی نے کہا کہ رواں سال 1,75,025 عازمین حج کریں گے۔ آزادیٔ ہند کے ایک سال کے دوران سفر حج پر روانہ ہونے والے عازمین کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ان میں 47% خواتین ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ 1,308 خاتون عازمین کسی محرم کے بغیر سفر حج پر روانہ ہورہی ہیں۔ دہلی کے وزیر ریوینیو ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوٹ، حج کمیٹی آف انڈیا کے چیرمین چودھری محبوب علی قیصر، دہلی حج کمیٹی کے چیرمین و رکن اسمبلی محمد اشراق خان اور معتمد اقلیتی اُمور امیزنگ لوائیکھم اور دوسرے بھی ایرپورٹ پر موجود تھے۔کولکتہ سے 17 جولائی، وارناسی سے 20 جولائی، منگلور سے 21 جولائی، گوا سے 26 جولائی اورنگ آباد، چینائی، ممبئی اور ناگپور سے 29 جولائی کو مزید عازمین فریضہ حج کیلئے روانہ ہوں گے۔ رانچی سے 30 جولائی اور احمدآباد، بنگلورو، کوچن، حیدرآباد اور جئے پور سے یکم اگست کو عازمین کے قافلوں کی روانگی عمل میں آئے گی۔ ہندوستانی عازمین کا ایک اور قافلہ 3 اگست کو بھوپال سے روانہ ہوگا۔