ہندوستانی جاسوس جادھوکی حوالگی سے پاکستان کا انکار

اسلام آباد / نئی دہلی ۔ /3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج زور دے کر کہا کہ وہ مبینہ ہندوستانی جاسوس کلبھوشن یادو کو ہندوستان کے حوالے نہیں کرے گا ۔ پاکستان نے ہندوستان سے اس جاسوس کے بارے میں مزید معلومات دینے کی خواہش کی ہے ۔ پاکستان کے اس انکار پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حکومت ہند کے سینئر عہدیدار نے کہا کہ پاکستان کو قابل عمل عالمی اصولوں پر عمل پیرا ہونا چاہئیے ۔ بیرونی شہریوں کو اپنی تحویل میں رکھنے کے سلسلے میں پاکستان قواعد پر توجہ دے ۔ جادھو کے خلاف پاکستان کے الزامات کو بھی بے بنیاد قرار دیا ۔  وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے خارجی امور سرتاج عزیز نے سینٹ کے اجلاس کے دوران وقفہ صفر میں بتایا کہ اس کیس کو پوری عقلمندی سے نمٹا جارہا ہے ۔ گزشتہ سال مارچ میں اس مبینہ ہندوستانی جاسوس کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ اس کے تعلق سے سوالنامہ کی فہرست بھی ہندوستان کے حوالے کی گئی ہے ۔ ہندوستانی جاسوس کی حوالگی کیلئے کسی بھی قسم کے اختیارات پر غور نہ کرنے کے الزام کو بھی انہوں نے مسترد کردیا ۔ ہم نے اس سلسلے میں ایک ایف آئی آر تیار کیا ہے اور جادھو کے خلاف دہشت گردانہ اور انتشار پسندانہ سرگرمیوں کا کیس بھی درج کیا ہے ۔