ہندوستانی بھی برطانوی وزیر اعظم بن سکتا ہے : ڈپٹی میئر لندن

لندن ۔28مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دولت مشترکہ کی شہریت رکھنے والا کوئی بھی ہندستانی کل برطانیہ کا وزیراعظم بن سکتا ہے ۔ یہ استدلال لندن کے ڈپٹی مئیر راجیش اگروال نے پیش کیا ہے ۔دولت مشترکہ کی تاریخی کانفرنس سے عین قبل یہاں دورے پر آئے ہندستانی صحافیوں سے ایک خصوصی ملاقات میں انہوں نے اس تاثر کو مسترد کر دیا کہ دولت مشترکہ اپنی افادیت کھو رہی ہے اور کہا کہ تجارت، بالخصوص ابھرتی ہوئی ہندستانی کمپنیوں کو لندن میں جس انداز سے فروغ دیا جارہا ہے وہ آنے والے کل کا ایک منفرد منظر نامہ مرتب کر رہا ہے ۔ اپنی گفتگو کا بڑا حصہ لندن پر مرکوز رکھتے ہوئے مسٹر اگروال نے کہا کہ یہاں 6,000 سے زیادہ ہندستانی کمیونٹی کے لوگوں کے ترقی پذیر معاشرتی کردار نے مقامی آبادی کی سوچ میں انقلاب برپا کردیا ہے ۔ میں سولہ سال پہلے لندن آیا تھا اور آج میرا ڈپٹی مئیر بن جانا اس کی از خود ایک مثالی داستان ہے اور دولت مشترکہ کی شہریت آنے والے دنوں میں سرحدوں کو ایک محدود مفہوم سے باہر نکالنے جارہی ہے ۔ کل ایک ہندستانی پارلیمنٹ کی رکنیت کی سیڑھیاں طے کرتے ہوئے برطانیہ کا وزیر اعظم بھی بن سکتا ہے ۔ مئیر کے عہدے پر صادق خان کے انتخاب کو بھی انہوں نے علاقے کی معاشرتی بیداری کا غماز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عصری لندن تعلیم، تجارت، معاشرت اور تہذیبی کثرت کا محور بن گیا ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ساختیاتی چیلنجوں کا سامنا کرنے والی نئی ٹیکنالوجی اور علمی ذہانت نے سماجی، اقتصادی یہاں تک کہ سیاسی سوچ کو بھی انسانی بہبود کے رخ پر بدلنا شروع کر دیا ہے ۔