سی پی آئی ایم کی کانفرنس کا آغاز ، پرکاش کرت ، سیتارام یچوری اور سدھاکر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/18اپریل، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( مارکسٹ ) کی 22 ویں پانچ روزہ قومی کانگریس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی پی آئی ایم کے قومی جنرل سکریٹری سیتار ام ایچوری نے قومی حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت نئی معاشی پالیسیوں کے ذریعہ ملک کو سامراجی طاقتوں کے حوالے کررہی ہے۔ ملک میں غریب اور امیر کے درمیان کا فرق بڑھتا جارہا ہے، حالیہ دنوں میں ایک رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ملک کی 73 فیصد دولت ایک فیصد سرمایہ داروں کے پاس ہے۔ سیتام رام یچوری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 90 فیصد قومی ذرائع ابلاغ بشمول الکٹرانک اور پرنٹ میڈیا فرقہ پرستی کو فروغ دینے کے مراکز میں تبدیل ہوگئے ہیں۔ مذہبی موضؤعات کو زیر بحث لاکر اکثر میڈیا ادارے سماج میں نفرت کی دیوار کھڑی کررہے ہیں۔ گائے کے نام پر مسلمانوں کو قتل کیا جارہا ہے اور دلتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی وارداتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ مرکز کی نریندر مودی حکومت آر ایس ایس کے نظریات کو پوری طرح نافذ کرنے کا کام کررہی ہے۔سیتام رام یچوری نے کہا کہ بائیں بازو طاقتیں کبھی بھی بی جے پی اور آر ایس ایس کے ہندو راشٹرا کے خواب کو پورا ہونے نہیں دیں گی۔ انہوں نے نیپال کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیپال دنیا کا واحد ہندو ملک تھا جہاں پر آج جمہوری نظام نافذ ہوگیا ہے۔ میں مبارکباد پیش کرتا ہوں نیپا میں سرگرم لفٹ نظریات کی حامل جمہوری طاقتوں کو جنہوں نے اس عظیم کام کو انجام دیا ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ سی پی آئی ( ایم ) کی 22 ویں کانفرنس ملک کے ڈیموکریٹک اور سیکولر طاقتوں کے لئے بی جے پی سے مقابلہ کرنے اور اس کو شکست فاش دینے میں مشعل راہ بنے گی۔ افتتاحی تقریب کی نگرانی سابق چیف منسٹر تریپورہ مانک سرکار نے کی۔ شہ نشین پر چیف منسٹر کیرالا پینا رائے وجین ، سی پی آئی ایم پولیٹ بیورو ممبر پرکاش کرات، برندا کرات، سبھاشنی علی، سوریہ کانت مشرا ( مغربی بنگال ) اے کے پدمانابھن، حنان ملا، کامریڈ ایم ڈی سلیم، جی راما کرشننن ( تاملناڈو ) بی وی راگھولو کے علاوہ دیگر قومی قائدین موجود تھے۔ بائیں بازو جماعتوں میں اتحاد کے مظاہرے کے طور پر سی پی آئی ایم نے بائیں بازو اور سیکولر ذہن کی حامل دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی افتتاحی اجلاس میں شرکت کے لئے مدعو کیا تھا جس میں سی پی آئی ایم کے قومی سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی، سی پی آئی ایم ایل کے ڈی بھٹا چاریہ، شیوا شنکر فارورڈ بلاک، منوج بھٹا چاریہ ( آر ایس پی) اجیت بھٹا چاریہ ( ایس یو سی آئی ایس ، مجید اللہ خان فرحت ( ایم بی ٹی ) کے نام قابل ذکر ہیں۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری سدھاکر ریڈی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حب الوطنی کو ہندوتوا سے جوڑنے کی کوششیں ملک میں نفرت کا ایک نیا ماحول پیدا کررہی ہیں۔