بنگلورو میں گھر کے باہر نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار دی
’’اچھے دن‘‘ کو بے نقاب کرنے کی سزا
بنگلورو۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سینئر جرنلسٹ اور ہندوتوا سیاست کی سخت نقاد گوری لنکیش کو آج ان کے مکان کے باہر گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ کرناٹک پولیس سربراہ آر کے دتہ نے بتایا کہ راجیشوری نگر میں نامعلوم حملہ آوروں نے گوری لنکیش کو ان کی رہائش گاہ کے باب الداخلہ پر گولی مار دی۔ لنکیش نے جن کی عمر تقریباً 50 سال ہے، کنڑی میگزین ’’گوری لنکیش پتریکے‘‘ کی ایڈیٹنگ کی تھی۔ اس کے علاوہ وہ دیگر کئی پبلیکیشنس کی مالک بھی تھیں۔ آر کے دتہ نے بتایا کہ لنکیش نے اُن سے کئی مرتبہ ملاقات کی لیکن کبھی اپنی زندگی کو لاحق خطرے کے بارے میں نہیں بتایا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اس ہلاکت کے سلسلے میں کن پر شبہ کیا جارہا ہے تو انہوں نے اپنی رائے دینا سے انکار کیا اور کہا کہ پہلے تحقیقات ہونے دیجئے۔ کرناٹک کے وزیر داخلہ رام لنگا ریڈی نے اس واقعہ کی مذمت کی اور اسے افسوسناک قرار دیا۔ گوری لنکیش کو بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرہلاد جوشی کی جانب سے ان کی میگزین میں شائع رپورٹ پر دائر کردہ تحقیر عدالت مقدمہ میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے اس میگزین میں بعض زعفرانی پارٹی قائدین کے خلاف رپورٹ شائع کی تھی۔ میڈیا اور عوامی زندگی سے وابستہ کئی افراد نے ٹوئٹر پر لنکیش کی ہلاکت کی مذمت کی اور صدمہ کا اظہار کیا۔ میڈیا سے وابستہ ایک اہم شخصیت ویر سنگھوی نے کہا کہ بحیثیت دوست، ساتھی اور مدح انہیں گوری لنکیش کے قتل کی اطلاع سن کر صدمہ پہنچا۔ وہ غیرمعمولی صحافیوں میں شمار کی جاتی ہیں۔ وکیل و سماجی کارکن پرشانت بھوشن نے ٹوئٹ کرتے ہوئے اس سانحہ پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایک بہادر جرنلسٹ گوری لنکیش کو جس نے بی جے پی کو بے نقاب کیا تھا ، بنگلورو میں ان کے ہی گھر کے باہر گولی مار دی گئی ۔
بنگلورو میں جرنلسٹ کو گولی ماردی گئی
بنگلورو۔ /5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کنڑجرنلسٹ گوری لنکیش کو نامعلوم حملہ آوروں نے بنگلورو میں ان کے مکان کے باہر گولی مارکر ہلاک کردیا ہے ۔ وہ جیسے ہی کار سے اتر کر گیٹ کے قریب پہونچی موٹر سائیکل سوار نے فائرنگ کی اور دوگولیاں ان کے سینے اور پیشانی پر لگی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تحقیقات کیلئے تین پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نکسلائیٹس کو قومی دھارے میں لانے میں لنکیش نے کافی اہم رول ادا کیا ۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سچائی کو چھپایا نہیں جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ مجرمین کو سزاء ملنی چاہئیے ۔