منڈی(ہماچل پردیش): ہماچل پردیش کے منڈی شہر میں ڈاکٹرس نے ایک ذہنی طورپر معذور ایک شخص کے پیٹ سے آٹھ چمچے، دو اسکروڈرائیور، دو ٹوتھ برش، ایک چاقو اور ایک دروازہ کی کنڈی برآمد کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک ۵۳/ سالہ شخص کو شری لال بہادر شاستری سرکاری دواخانہ میں پیٹ درد کی شکایت پر شریک کروایا گیا تھا۔ اس شخص کی شناخت کرن سین کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ اس نے کچھ دن قبل پیٹ میں پھنسیاں ہونے کی شکایت کی تھی۔
ڈاکٹر نے اسے پیٹ کا ایکسرا کروانے کیلئے کہا۔ جس پر پتہ چلا کہ اس کے پیٹ میں یہ اشیاء موجود ہیں۔ اسے فوری سرکاری اسپتال میں شریک کروایا گیا۔ تین ڈاکٹرس پر مشتمل ایک ٹیم نے چار گھنٹوں تک اس کا آپریشن کر کے ان اشیاء کو باہر نکالا۔ بعد ازاں ڈاکٹر نکھل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے کیسس بہت کم واقع ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اطلاع ملتے ہی ہم نے آپریشن کے ذریعہ یہ اشیاء کونکالا۔ مریض ذہنی طور پر معذور ہے جس کی وجہ سے اس نے یہ اشیاء کھالی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال مریض کی طبیعت اب خطرہ سے باہر ہے۔