اوباما ۔ مودی ملاقات ، این ایس جی میں ہندوستانی رکنیت کی پرزور حمایت
اس ملک کے خلاف کارروائی ضروری، آسیان ۔ ہند چوٹی کانفرنس سے نریندر مودی کا خطاب
ونیٹائن 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان پر اپنی تنقیدوں میں اضافہ کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ ہمارے پڑوس میں ایک ایسا ملک ہے جو دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔ دہشت گردی کو فروغ دینے اور اسے دوسرے ملکوں میں برآمد کرنے میں مصروف ہے۔ انھوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اس دہشت گردی کے موجد ملک کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اسے یکا و تنہا کرتے ہوئے تحدیدات عائد کی جائیں۔ ایسٹ ایشیا چوٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے پاکستان کا نام لئے بغیر کہاکہ ہمارے پڑوس میں ایک ایسا ملک ہے جو دہشت گردی کو فروغ دے کر اسے برآمد کررہا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ساری دنیا کی طاقتیں اس ملک کی دہشت گردی پر قابو پانے اقدامات کریں۔ قبل ازیں 14 ویں آسیان ہند ۔ چوٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے دہشت گردی کی برآمد میں اضافہ پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا بظاہر انھوں نے پاکستان کا حوالہ دیا اور کہاکہ اس خطہ میں مشترکہ سکیوریٹی کے لئے یہ ملک خطرہ بنا ہوا ہے۔ صدر امریکہ بارک اوباما اور وزیراعظم چین لی کیپنگ کی موجودگی میں وزیراعظم مودی نے کہاکہ اس دہشت گردی کو برآمد کرنے سے اس کے لئے جگہ کم ہوتی جارہی ہے اور تشدد میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس موقع پر صدر بارک اوباما اور وزیراعظم مودی کی ملاقات میں بھی امریکہ نے ہندوستان کی این ایس جی رکنیت کے لئے کوششوں کی پرزور حمایت کی۔ صدر اوباما نے وزیراعظم سے کہاکہ جیسا کہ ہم نے سیول نیوکلیر تعاون کو مضبوط بنانے اور ماحولیات کی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے اپنی اسٹراٹیجک پارٹنرشپ میں فوری ترجیحات پر بات چیت کی ہے۔ اوباما سے ملاقات کے بعد وزیراعظم مودی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ہم نے ہند ۔ امریکہ تعلقات کو اعلیٰ سطح پر لے جانے کے لئے صدر اوباما سے بات چیت کی ہے۔
ایسٹ ایشیاء چوٹی کانفرنس کے موقع پر ان دونوں قائدین کی ملاقات ہوئی۔ گزشتہ دو سال میں یہ ان کی 8 ویں ملاقات ہے۔ وائٹ ہاؤز عہدیدار نے اس ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ امریکہ ، ہندوستان کے درمیان دوستی کو مضبوط بنانے کے عہد کا احیاء کرتے ہوئے صدر اوباما نے اس بات کی توثیق کی کہ ہندوستان کی نیوکلیر سپلائرس گروپ (این ایس جی) میں رکنیت حاصل کرنے کی کوششوں کی امریکہ پرزور حمایت کرتا ہے۔ اس سلسلہ میں امریکہ اہم رول ادا کررہا ہے۔ 48 رکنی طاقتور گروپ میں ہندوستان کو شامل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ہندوستان کی شمولیت ضروری ہے۔ چین نے جون میں این ایس جی کے پلینری سیشن کے دوران دہلی کی کوششوں کو ناکام بنایا تھا۔ دونوں قائدین اوباما ۔ مودی نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ ایسٹ ایشیاء چوٹی کانفرنس کے ذریعہ خطہ میں اپنے حصہ کے طور پر بات چیت کی گئی۔ صدر امریکہ نے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ہندوستانی معیشت میں اصلاحات لانے کی کوششوں کی ستائش کی اور کہاکہ ایسے اقدامات ہندوستان جیسے ملک کے لئے اہم ہیں۔ قبل ازیں صدر امریکہ بارک اوباما نے جنوبی چین کے سمندری محاذ میں طویل مدت سے جاری تنازعہ کو اُٹھایا اور علاقائی چوٹی کانفرنس میں اس ایجنڈہ کو مرکزی موضوع بنانے پر زور دیا۔ انھوں نے کہاکہ ہم اس تنازعہ کو پرامن طریقہ سے حل کرنے کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل کوشش کریں گے۔