واشنگٹن ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ری پبلکن صدارتی امیدوار کارلی فیورنیا نے آج ایک چبھتا ہوا بیان دیتے ہوئے کہا کہ ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار ہلاری کلنٹن امریکہ کی آئندہ صدر نہیں ہوسکتیں کیونکہ وہ امریکی عوام سے مسلسل جھوٹ بول رہی ہیں۔ کارپوریٹ قائد سے سیاستداں بننے والی فیورنیا نے آئیوا میں ایک صدارتی مباحثہ کے دوران کہا کہ اقتدار کے لئے ہلاری کلنٹن کسی بھی حد تک گر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کے (فیورنیا) شوہر نے وہ کیا ہوتا جو ہلاری کے شوہر بل کلنٹن نے کیا تھا (ان کا اشارہ مونیکا لیونسکی کی جانب تھا) تو وہ اپنے شوہر سے علحدگی اختیار کرلیتیں۔ ہلاری کلنٹن امریکہ کی تاریخ میں پہلی خاتون صدر بن کر ایک نئی تاریخ رقم کرنا چاہتی ہیں اور ڈیموکریٹک امیدواروں میں فی الحال ان کا ہی پلہ بھاری ہے اور ممکن ہے کہ انہیں نامزد کردیا جائے۔ ہلاری کلنٹن سابق میں خاتون اول ہونے کے علاوہ موجودہ صدر بارک اوباما کی پہلی میعاد کے دوران ملک کی وزیرخارجہ بھی رہ چکی ہیں۔ بہرحال فیورنیا نے ایک بار پھر اپنی بات دہراتے ہوئے کہا کہ ہلاری کلنٹن عوام سے جھوٹ بولنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جسے ہم کلنٹن کا طریقہ کار کہہ سکتے ہیں۔ بل کلنٹن نے بھی وہی کیا اور ہلاری بھی اب یہی کررہی ہیں۔ جب تک جھوٹ سے کام چل سکتا ہو، جھوٹ بولتے رہیں لہٰذا ایسی شخصیت امریکہ کی صدر کیونکر بن سکتی ہیں؟ جب فیورنیا سے ہلاری کے مقابلے ان کی کم مقبولیت کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہاکہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ وہ ہلاری کیلئے چیلنج ثابت ہوں گی۔ البتہ میں یہ اعتراف کرتی ہوں کہ اس وقت ہلاری کلنٹن وائیٹ ہاؤس کے لئے مقبول ترین امیدوار ہیں اور وہ اقتدار حاصل کرنے والی سیڑھی پر آگے ہی بڑھتی جارہی ہیں۔
ٹرمپ نے حریفوں کا مذاق اڑایا
واشنگٹن ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ری پبلکن کے متنازعہ صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے آج آخری پرائمری مباحثہ میں شرکت سے گریز کیا اور کہا کہ ایک اعلیٰ سطحی امریکی نیوز ایجنسی نے جس طرح ان کا بائیکاٹ کیا ہے، ایسے حالات بھی اسی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپنے تمام حریفوں کو فنڈ ریزنگ معاملہ میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔