ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں ڈاکٹر قائم خان کا جسد خاکی سپردلحد

مکہ مسجد میں نماز جنازہ کی ادائیگی
ڈپٹی چیف منسٹر و دیگر معززین کی شرکت
حیدرآباد یکم / اپریل ( سیاست نیوز )  ڈاکٹر قائم خان صدر مجلس بچاؤ تحریک کے جسد خاکی کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد لحد کردیا گیا ۔ ڈاکٹر قائم خان کے انتقال پر چنچل گوڑہ و اطراف کے علاقوں کے علاوہ حافظ بابا نگر میں فضاء سوگوار تھی اور عوام نے رضاکارانہ طور پر ان علاقوں میں تجارتی ادارے بند کرتے ہوئے اپنے محبوب قائد کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ صدر تحریک کے جسد خاکی کو گذشتہ رات بھر عوام کے آخری دیدار کیلئے جامع مسجد منوریہ میں رکھا گیا تھا جہاں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے مرحوم کا آخری دیدار کیا اور پسماندگان کو پرسہ دیا ۔ ڈاکٹر قائم خان کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ تاریخی مکہ مسجد میں ادا کی گئی ۔ خطیب و امام مولانا حافظ رضوان قریشی نے نماز جنازہ پڑھائی اور دعاء کی ۔ نماز جنازہ میں شرکت اور مرحوم کے مکان ’’ دارالامان ‘‘ چنچل گوڑہ پہونچ کر پسماندگان سے اظہار تعزیت کرنے والوں میں ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی ، جناب محمد علی شبیر قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل ، جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست ، حضرت مولانا سید شاہ حیدر علی حسینی القادری المعروف حیدر پاشاہ ، مولانا سید شاہ مظہر حسینی صابری ، مولانا سید عبدالقادر قادری وحید پاشاہ ، مولانا حافظ محمد عبدالباسط یمانی ، جناب محمد فریدالدین سابق ریاستی وزیر ، جناب سید فاضل حسین پرویز ایڈیٹر ہفت روزہ گواہ ، جناب سید شاہ نورالحق قادری ، رکن پارلیمنٹ جناب ایم اے خان، رکن قانون ساز کونسل جناب محمد فاروق حسین ، جناب الحاج سلیم ایم ایل سی ، مسٹر ایم وید کمار تلگودیشم قائدین جناب علی بن ابراہیم مسقطی ، جناب مظفر علی خان، مولانا سید حامد حسین شطاری ، مولانا سید مسعود حسین مجتہدی ، مولانا سید بدرالجی منوری ، جناب ممتاز احمد خان رکن اسمبلی یاقوت پورہ ، جناب مجاہد ہاشمی ، جناب سید صلاح الدین جاوید ، جناب عثمان بن محمد الہاجری ، جناب عمر خان ، جناب علی بن سعید الگتمی کے علاوہ کئی دیگر شخصیتیں شامل ہیں ، جنہوں نے مرحوم صدر تحریک کے برادران جناب مجید اللہ خان فرحت ، جناب مظفر اللہ خان شفاعت ، ڈاکٹر مجاہد اللہ خان ، جناب امجد اللہ خان خالد کے علاوہ دیگر افراد خاندان سے اظہار تعزیت کیا ۔ تاریخی مکہ مسجد میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد زائد از ایک گھنٹہ عوام کو آخری دیدار کروایا گیا ۔ مکہ مسجد کے باہر پولیس کو ہجوم کنٹرول کرنے میں دشواریاں پیش آرہی تھیں ۔ جناب لطیف محمد خان سیول لبرٹیز قائد ، مکہ مسجد دھماکوں میں ماخود کئے گئے بے قصور نوجوان محمد عمران ، سابق کانسٹیبل محمد عبدالقدیر کے علاوہ ہزاروں افراد نماز جنازہ میں شریک تھے ۔ بعدازاں چنچل گوڑہ میں واقع حظیرہ میں ڈاکٹر قائم خان کے جسد خاکی کو سپرد لحد کردیا گیا ۔