ہر شہری شجرکاری میں حصہ لے : رام ناتھ کووند

حیدرآباد 5 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے آج راشٹرپتی نیلائم بلارم میںایک پودا لگایا ۔ انہوں نے ریاست میں جاری ہریتا ہرم پروگرام کے تحت یہ پودا لگایا ۔انہوں نے پیپل کا پودا لگایا ۔ یہ پودا کسی بھی مقام پر بآسانی پنپ سکتا ہے ۔ اس کی لکڑی کشتیاں بنانے کے کام آتی ہے ۔ بعد ازاں صدر جمہوریہ نے تلنگانہ ہریتا ہرم پروگرام پر عمل آوری کے سلسلہ میں منعقدہ تصویری نمائش کا بھی مشاہدہ کیا ۔ پی کے جھا آئی ایف ایس پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ نے صدر جمہوریہ کو تلنگانہ میں جنگلاتی علاقہ میں 24 سے اضافہ ہوکر 33 فیصد تک ہوجانے سے واقف کروایا اور کہا کہ جملہ 230 کروڑ پودے لگانے کا منصوبہ ہے ۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہر شہری کو شجرکاری پروگرام میںحصہ لینا چاہئے اس سے ریاست میں سرسبز و شاداب علاقہ میں وسعت پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے ۔ خاتون اول سویتا کووند نے بھی ایک پودا لگایا ۔ اس کو بھی ایک مقدس پودا کہا جاتا ہے ۔ اس کے پھول جون ۔ اگسٹ میں کھلتے ہیں گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے اور ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے بھی اس موقع پر شجرکاری پروگرام میں حصہ لیا ۔