ہر سال مودی کے بیرونی دوروں پر 100 کروڑ خرچ

4 سال میں 52 ممالک کا دورہ، 355 کروڑ کے مصارف
نئی دہلی 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) اپنے 48 ماہ کے دور حکومت میں وزیراعظم نریندر مودی نے زائد از 50 ملکوں کے 41 دورے کئے جس کا جملہ خرچ 355 کروڑ روپئے آیا۔ وہ مجموعی طور پر 165 دن بیرون ہند رہے۔ یہ اعداد و شمار دراصل آر ٹی آئی جہدکار بھیمپا گواد کے سوال نامے پر پی ایم او آفس نے حق معلومات کے تحت جاری کئے ہیں۔ وزیراعظم کے 52 ملکوں کے 41 دوروں میں سب سے مہنگا دورہ ان کا نو دن کا سہ ملکی دورہ فرانس، جرمنی اور کنیڈا کا دورہ تھا جو اپریل 9 تا 15 ، 2015 ء کو کیا گیا تھا جس میں جملہ 31,25,78,000 روپئے خرچ کئے گئے تھے اور ان کی سب سے کم خرچ والی ٹرپ دورہ بھوٹان تھا جو 14 تا 16 جون 2014 ء کو کیا گیا تھا جس کا خرچ 2,45,27,465 روپئے تھا۔ گواد نے اپنے بیان میں کہاکہ ان اعداد و شمار کو حاصل کرنے کا پس منظر دراصل وہ چند سال قبل وزیراعلیٰ کرناٹک کے بیرونی دوروں کے اخراجات کی تفصیلات کیلئے درخواست پیش کی تھی۔ اس دوران میں نے وزیراعظم کے بیرونی دوروں پر سخت تنقیدوں کی خبریں حالیہ دنوں میں پڑھ چکا تھا۔ چنانچہ میں نے آر ٹی سی کے تحت پی ایم آفس میں تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست پیش کی اور جب ان کو وہ تفصیلات حاصل ہوئیں تو وہ انگشت بدندان رہ گئے۔ انھوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ اُن کو وزیراعظم کے داخلی دوروں کے اخراجات کو سکیورٹی وجوہات کا بہانا بناکر مہیا نہیں کی گئیں۔ حالانکہ انھوں نے صرف اخراجات کی تفصیلات طلب کی تھیں نہ کہ دوروں کی تفصیلات۔ لیکن پی ایم او نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ وزیراعظم کا تحفظ کرنے والی تنظیم ایس پی جی ، آر ٹی آئی ایکٹ کے دائرہ میں شامل نہیں ہے۔ میں ان تفصیلات کو صرف بطور تجسس طلب کیا تھا لیکن عام لوگوں پر میں اُن کو ظاہر کرنا چاہتا ہوں اور ہر شخص کو اس کا علم ہونا چاہئے۔ گواد نے مزید کہاکہ مرکز کو ان دوروں سے ملک کو حاصل کردہ فوائد کے بارے میں بھی روشنی ڈالنا چاہئے۔