کسانوں اور خواتین کی تنظیموں کی ریاستی وزیر سے ملاقات، تائید کا وعدہ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) سدی پیٹ میں ٹی آر ایس امیدوار کی حیثیت سے ہریش راؤ کو دوبارہ کامیاب بنانے کیلئے ایک طرف مواضعات میں عوام کی جانب سے متفقہ قراردادوں کی منظوری کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف عوام نے ہریش راؤ کی کامیابی کیلئے مختلف مندروں میں منت کرتے ہوئے زیورات بھینٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس طرح مصیبتوں کے وقت عوام عبادتگاہوں کا رخ کرتے ہوئے منت مانگتے ہیں ، اسی طرح سدی پیٹ میں ہریش راؤ کی کامیابی اور ان کے ترقیاتی کاموں کی تائید کرتے ہوئے مندروں میں منت مانگی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سدی پیٹ کے رائے دہندوں نے ہریش راؤ کو مصیبتوں سے چھٹکارا دلانے والا شخص قرار دیا ہے۔ ان کی آرتی اتارکر جگہ جگہ خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ گزشتہ دو دنوں میں سدی پیٹ کے رام پور ، ابراہیم پور ، جے پی تانڈا اور دیگر مواضعات میں عوام نے ہریش راؤ کو ووٹ دینے کیلئے حلف لیا۔ عوام نے بتایا کہ مشکلات سے بچاؤ کے لئے دیوی دیوتاؤں سے منت مانگنا عام رواج ہے اور اپنی پسند کے دیوی دیوتاؤں کو سونا ، چاندی ، ساڑیاں یا پیسے پھینٹ کئے جاتے ہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ اب ہریش راؤ کی بھاری اکثریت سے کامیابی کیلئے منت مانگی جارہی ہے۔ رکن اسمبلی اور وزیر کی حیثیت سے ہریش راؤ نے فلاحی اور ترقیاتی کاموں کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ عوام کا مکمل بھروسہ ہریش راؤ پر ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں ان کے دکھ درد میں شامل رہیں گے۔ ہر گاؤں میں بتکماں ، بونال اور دف کے ذریعہ ہریش راؤ کے استقبال کا منصوبہ ہے ۔ واضح رہے کہ ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں میں حلقہ سدی پیٹ وہ واحد حلقہ ہے جہاں ہر گاؤں میں ٹی آر ایس امیدوار کے حق میں رائے دہندے قرارداد منظور کر رہے ہیں۔ اسی دوران مختلف خواتین کی تنظیموں نے ہریش راؤ سے ملاقات کی اور انہیں تائید کا یقین دلایا۔ کسانوں کی جانب سے ہریش راؤ کو ایک بکرا پیش کیا۔ ہریش راؤ نے تمام طبقات کو یقین دلایا کہ وہ آئندہ بھی ان کی بھلائی کے اقدامات میں کوئی کثر باقی نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی محبت ان کیلئے قرض کی طرح ہے جس کی تکمیل کیلئے وہ ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ خواتین کی تنظیموں کی جانب سے ہریش راؤ کے انتخابی خرچ کیلئے عطیہ پیش کیا گیا۔