ہریانہ کا چوٹی کٹوادہلی پہنچ گیا، 3 خواتین متاثر

نئی دہلی۔یکم اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) ہریانہ میں چند دنوں سے رات کے اوقات میں گھروں میں گھس کر خواتین کے بال یا ان کی چوٹیاں کاٹ دینے کے پُراسرار واقعات دیکھنے میں آرہے ہیں اور اب یہ لوگ ایسا لگتا ہے کہ دہلی پہنچ چکے ہیں جہاں پولیس میں 3 خواتین نے شکایت درج کرائی کہ گزشتہ روز کسی نے ان کے بال کاٹ دیئے۔ چاؤلہ پولیس کے مطابق یہ خواتین کی عمریں 40 سال سے زائد ہیں جنہوں نے شکایت کی ہے کہ رات کے اوقات میں یہ واقعات پیش آئے اور خاطی افراد کے تعلق کے تعلق سے انہیں کچھ نہیں معلوم۔ بتایا گیا کہ خواتین اس موقع پر بے ہوش کردی گئیں اور جب انہیں ہوش آیا تو اُن کے بال وہیں کٹے پڑے تھے۔ موضع کنگن ہیری کے لوگ ان واقعات کے بعد اب خوف محسوس کررہے ہیں ان کا یقین ہے کہ ان واقعات میں اُن کے ارکان خاندان میں سے کوئی بھی ملوث نہیں۔ درحقیقت بعض لوگ تو اب اپنے گھروں کی باری باری حفاظت کررہے ہیں۔ کئی لوگوں کو شبہ ہے کہ یہ کالا جادو کے معاملے بھی ہوسکتے ہیں۔ گروگرام میں اشوک وہار کی متوطن نے دعویٰ کیا کہ وہ گھر پر تنہا تھی جب اس نے ایک معمر شخص کو دروازہ پر پایا اسے دیکھنے کے بعد وہ بے ہوش ہوگئی اور جب اسے ہوش آیا تو اس کے بال کٹ چکے تھے۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ اس کے مکان سے کوئی سامان غائب نہیں ہوا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ ویسٹ سریندر کمار نے کہا کہ ہمیں شکایت کی وصولی کے بعد ہم نے تحقیقات شروع کردی ہے۔ خاتون کی عفت پر حملہ اور زہر کے ذریعہ اسے نقصان پہنچانے کا کیس درج رجسٹر کیا گیا ہے۔ ایک جگہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں 3 افراد دکھائی دیئے جن کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس سارے معاملہ کا تمام زاویوں سے جائزہ لیا جارہا ہے جن میں ڈکیتی کا مقصد بھی شامل ہے۔