سان ڈیاگو۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پولیس کو فائرنگ کی اطلاع ملنے پر وہ فوری طور پر سان ڈیاگو کے ایک ہاسپٹل پہونچی تاہم وہاں پہنچنے پر فائرنگ کئے جانے کے کوئی آثار و شواہد نہیں ملے۔ جنوبی کیلیفورنیا کے نول میڈیکل سنٹر جس کی کئی عمارتیں ہیں، وہاں موجود ایک واحد عینی شاہد نے بتایا کہ اس نے ان عمارتوں میں سے ایک عمارت کے بیسمنٹ میں دو تا تین فائرنگ کی آواز سنی۔ پولیس کو اطلاع دیئے جانے پر کیلیفورنیا ہائی وے پٹرول آفیسر جن کی بحریہ کے کتے بھی معاونت کررہے تھے، ہاسپٹل پہنچ گئے اور تمام عمارتوں کا محاصرہ کرلیا تاہم وہاں ایسی کوئی علامت نظر نہیں آئی جس کے تحت یہ کہا جاتا کہ وہاں فائرنگ ہوئی ہے۔ وہاں نہ کوئی زخمی نظر آیا اور نہ ہی کسی کی نعش۔ دریں اثناء بحریہ کے ترجمان جان نائلینڈر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پورے علاقہ کی سختی سے جانچ پڑتال کی جارہی ہے لیکن اب تک فائرنگ کے کوئی ثبوت نہیں ملے ہیں۔