نئے زونل نظام پر بھی بات چیت، اہم مسائل پر وزیراعظم سے آج ملاقات
حیدرآباد /3 اگست ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر کے سی آر 4 اگست کو نئی دہلی میں دوپہر میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے ۔ انہوں نے آج مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد سے ملاقات کرتے ہوئے ہائی کورٹ کو تقسیم کرنے کی یادداشت پیش کی ۔ نئے زونل نظام کو مرکز سے منظوری دلانے کیلئے چیف منسٹر تلنگانہ آج صبح خصوصی طیارے کے ذریعہ بیگم پیٹ ایرپورٹ سے دہلی روانہ ہوئے جہاں انہوں نے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد سے ملاقات کرتے ہوئے ہائی کورٹ کو تقسیم کرنے کی اپیل کی جس پر وزیر قانون نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ۔ تلنگانہ کے نئے زونل نظام کی منظوری پر بھی چیف منسٹرنے مرکزی وزیر سے تبادلہ خیال کیا ۔ کے سی آر ہفتہ کی دوپہر وزیر اعظم مودی سے ملاقات کریں گے ۔ نئے زونل نظام کی منظوری کے علاوہ تلنگانہکے دوسرے مسائل پر گفتگو کریں گے ۔ کے سی آر تلنگانہ میں تشکیل دئے گئے نئے زونل نظام سے وزیر اعظم کو واقف کراتے ہوئے اس کو جلد از جلد منظوری دینے کی یادداشت پیش کریں گے ۔ ملاقات کے دوران چیف منسٹر تقسیم آندھراپردیش بل میں تلنگانہ کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے ہائی کورٹ کو تقسیم کرنے پر بھی زور دیں گے ۔ اس کے علاوہ کالیشورم پراجکٹ کو مرکز سے فنڈز کی اجرائی، سکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے محکمہ دفاع کی اراضیات حوالے کرنے کے ساتھ تحفظات میں توسیع دینے کیلئے دستور میں ترمیم کرنے ، پسماندہ اضلاع کی ترقی کیلئے فنڈز کی اجرائی ، کریم نگر میں ٹرپل آئی ٹی کے قیام ، نئے اضلاع میں جواہر نوودیا تعلیمی ادارے کے قیام کے علاوہ دیگر امور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔