گیلانی نے پڑوسی خاتون کی نماز جنازہ اپنے گھر کے صحن میں پڑھائی

سری نگر ، یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بزرگ علیحدگی پسند رہنما اور حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی جوکہ گرمائی دارالحکومت سری نگر کے مضافاتی علاقہ حیدرپورہ میں ائرپورٹ روڈ پر رہائش پذیر ہیں، نے ہفتہ کے روز اپنے قریبی پڑوسی میاں بشیر احمد کی اہلیہ کی نماز جنازہ اپنے گھر کے صحن میں پڑھائی۔حریت ترجمان ایاز اکبر نے کہا کہ مسٹر گیلانی کے قریبی ہمسایہ میاں بشیر احمد کی شریک حیات محترمہ ناز پروین آج صبح وفات پاگئیں اور لواحقین نے خواہش ظاہر کی کہ مسٹر گیلانی مرحومہ کی نماز جنازہ پڑھائیں۔انہوں نے کہا’ موصوف چونکہ سختی کے ساتھ نظربند ہیں اور اُن کے گھر پر ریاستی پولیس کے علاوہ سی آر پی ایف اہلکار بھی تعینات ہیں، لہٰذا اپنے نزدیک ترین ہمسایہ کے گھر بھی تعزیت اور جنازہ میں شرکت کے لیے نہیں جاسکے ، جس کے بعد لواحقین میّت ہی مسٹر گیلانی کے گھر لے آئے اور انہوں نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی’۔ اس موقع پر مسٹر گیلانی نے موت وحیات کے معاملے پر قرآن وسنت کی روشنی میں مختصر خطاب کیا۔