جے پور-راجستھان کے گورنر کلیان سنگھ نے اشوک گہلوت کو وزیر اعلی اور سچن پائلٹ کو نائب وزیر اعلی کے عہدے کا حلف دلایا۔
البرٹ ہال میں منعقدہ حلف برداری کے شاندار تقریب میں کانگریس کے قومی صدر راہل گاندھی سمیت متعدد سینئر لیڈروں کی موجودگی میں مسٹر گہلوت اور مسٹر پائلٹ نے ہندی زبان میں حلف لیا۔
مسٹر پائلٹ صافے کے ساتھ اپنے دیسی انداز میں نظر آئے ۔ حلف برداری سے قبل اور بعد میں دونوں رہنماؤں کے حق میں زوردار نعرے بازی ہوئی۔
اسٹیج پر موجود مسٹر گاندھی سے ملنے کے لئے رہنماؤں کا ہجوم لگا ہوا تھا۔
آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندر بابو نائیڈو، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور دیوگوڑا، جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلی فاروق عبداللہ، ڈی ایم کے رہنما ایم کے اسٹالن، بہار کے سابق وزیر اعلی جیت رام مانجھی، جے ڈی یو کے لیڈر شرد یادو، نیشنلسٹ کانگریس کے شرد پوار سمیت کئی لیڈر حلف برداری کے گواہ بنے ۔
مسٹر گاندھی نے سابق وزیر اعلی وسندھرا راجے سمیت متعدد لیڈروں سے ملاقات کی۔